داعش میں پھوٹ پڑگئی، غیر ملکی دہشتگردفرار ہونے لگے
داعش کے متعدد غیر ملکی جنگجو عسکریت پسند گروپ کا ساتھ چھوڑ رہے ہیں۔ داعش نے جنگجوئوں کی بغاوت کے باعث شامی شہر رقہ کی ناکہ بندی کردی ہے۔ شام میں انسانی حقوق کی مبصر تنظیم آر بی ایس ایس نے دعویٰ کیا ہے کہ داعش کی اعلیٰ قیادت میں پھوٹ پڑگئی ہے اور اس کے کئی جنگجو ترکی فرار ہورہے ہیں۔ داعش سے فرار ہونے والے کئی جنگجوئوں کو خود کش بم دھماکوں کے لئے چنا گیا تھا تاہم ان کی بغاوت داعش کے لئے ایک بڑا نقصان ہے۔ داعش کے کئی جنگجو شام اور لبنان میں القاعدہ گروپ النصرہ فرنٹ میں بھی شامل ہوچکے ہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیم نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ فرار ہونے کی کوشش و الے داعش جگنجوئوں کو پکڑے جانے پر سرعام قتل کردیا جائے گا۔ تنظیم کے مطابق کئی داعش جنگجو فرار ہوکر ترکی پہنچنے میں کامیاب ہوچکے ہیں جبکہ متعدد کو داعش کی جانب سے ہلاک کیا جاچکا ہے۔