پاکستان

تکفیری دہشتگردوں کیخلاف کارروائی پر چند عناصر ناخوش ہیں، الطاف حسین

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور میں معصوم بچوں کی شہادت نے پوری قوم کو متحد کردیا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ پاک سرزمین کو طالبان دہشت گردوں سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے پاک کردیا جائے۔ الطاف حسین نے سانحہ پشاور کے بچوں اور اساتذہ کرام کے چالیسویں کے موقع پر شہیدوں کے لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید بچوں کے صدقے پاکستان کو درندہ صفت طالبان سے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے پاک کر دے۔ الطاف حسین نے کہا کہ معصوم بچوں کا لہو رنگ لا رہا ہے اور ان کی شہادتوں نے سوئی ہوئی قوم کو جگا کر طالبان دہشت گردوں کے خلاف متحد کر دیا ہے۔ الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پوری قوم کو متحد و منظم کر دے اور ملک کو مذہبی انتہاء پسندی اور دہشت گردی سے نجات دلائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی پولیس اور ایف سی کی چوکیوں، فوج، نیوی، فضائیہ کے ہیڈکوارٹرز، جی ایچ کیو اور دیگر حساس مقامات پر دہشت گردوں نے کئی حملے کئے اور مسلح افواج کے افسروں،جوانوں سمیت ہزاروں بے گناہ افراد کو شہید کیا اگر اُس وقت میری باتوں پر توجہ دے دی جاتی اور دہشت گردوں کے خلاف کروائی کردی جاتی جس وقت یہ منظم ہو رہے تھے تو آج ہمیں اتنی بھاری قیمت نہیں اٹھانی پرتی۔ الطاف حسین نے کہا کہ آج بھی چند عناصر دہشت گردوں کے خلاف کاروائی سے نا خوش ہیں اور یہی وہ عناصر ہیں جو قوم کو الجھانے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ پوری قوم مسلح افواج کا بھر پور ساتھ دے کر اپنی پاک افواج کے ہاتھوں کو مضبوط کرے اور دہشت گردو ں اور انکے سرپرستوں کے اصل چہرے بے نقاب ہوتے ہوئے دیکھ لے۔ الطاف حسین نے ایک مرتبہ پھر سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے معصوم بچوں، اساتذہ کرام اور فوجی اہلکاروں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کاا ظہار کیا جبکہ سانحہ میں زخمیوں کی جلد و مکمل صحتیابی کیلئے بھی خصوصی دعائیں کیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button