پاکستان

قومی اسمبلی : توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کے خلاف قرار داد منظور

اسلام آباد: فرانس کے رسالے چارلی ہیبڈو میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کے خلاف قومی اسمبلی میں متفقہ طور پر مذمتی قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔

دوسری جانب سعودی عرب کے دورے کے موقع پر ریاض سے جاری کیے گئے ایک بیان میں وزیراعظم نواز شریف نے بھی فرانسیسی رسالے میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی شدید مذمت کی ہے۔

وزیراعظم نے اپنے مختصر بیان میں کہا ہے کہ آزادی اظہاررائے کو کسی بھی فرقے کے مذہبی جذبات کی دل آزاری کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے اور عالمی برادری کو مذہبی منافرت پھیلانے والے مواد کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے۔

قومی اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمعرات کو وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے پیش کی۔

قرارداد کا متن تھا کہ ایوان توہین آمیز خاکوں کی شدید مذمت کرتا ہے اور ایسے توہین آمیز خاکے ناقابل برداشت ہیں۔

یہ بھی کہا گیا کہ یہ خاکے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کیے گئے اور اسی سازش کے تحت تشدد کو فروغ دینے کی کوشش کی گئی ہے۔

قرار داد میں مزید کہا گیا ہے کہ اس معاملے پر تمام مسلم ممالک اکھٹے ہوں اور اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کے فورم پر بھی اس معاملے کو اٹھانا جانا چاہیے۔

قومی اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد کا عکس

متعلقہ مضامین

Back to top button