پاکستان

گلگت بلتستان، تحریک جعفریہ سمیت 11 تنظیموں پر پابندی عائد، آئندہ الیکشن میں شرکت مشکوک

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) گلگت بلتستان میں قائم پیپلز پارٹی کی حکومت نے اپنی اتحادی جماعت تحریک جعفریہ سمیت 11 کالعدم جماعتوں کو نئے ناموں سے کام کرنے پر پابندی عائد کردی۔ ان جماعتوں میں کالعدم سپاہ صحابہ، انجمن امامیہ اور تنظیم اہل سنت سمیت دیگر جماعتوں کی فعالیت اور ان جماعتوں کے کارکنان کو بلیک لسٹ کرنے کے لئے ناموں کی بڑی فہرست تیار کرلی گئی۔ گلگت بلتستان انتظامیہ کے عہدیدار اور دہشت گردی کے خلاف وفاقی سطح پر قائم کمیٹی رکن نے گلگت بلتستان کے روزنامہ سلام کے رابطے پر تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ کے ساتھ ہونے والی پانچوں صوبوں اور آزاد کشمیر کے نمائندوں کے مشترکہ اجلاس میں کالعدم 11 جماعتوں کو نئے ناموں سے کام کرنے سے روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور خلاف ورزی کرنے پر نئے قوانین کے تحت سخت فیصلے کرنے کی پالیسی طے گئی ہے، اس سلسلے میں عملدرآمد کیلئے گیارہ کالعدم جماعتوں کی فہرست تیار کرلی گئی ہے۔ جس میں قابل ذکر انجمن امامیہ، اہل سنت و الجماعت اور تحریک جعفریہ سمیت وہ تمام قومی مذہبی جماعتیں جنہوں نے کالعدم قرار دینے پر نئے ناموں سے دوبارہ سرگرمیاں شروع کردی ہیں۔

یہ پابندی سخت کرکے انہیں کسی بھی نام سے کام کرنے سے روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس مرتبہ سے فیصلے ماضی کی نسبت کافی مختلف ہیں کیونکہ پہلے صرف تنظیم کے نام اور علامت پر پابندی تھی جبکہ اس مرتبہ ان جماعتوں کے کارکنان کو بلیک لسٹ کیا جارہا ہے تاکہ آئندہ وہ کوئی بھی نئی جماعت تشکیل نہ دے سکیں اور نہ رکنیت حاصل کرسکیں۔ ذرائع نے بتایا کہ کالعدم جماعتوں کے یونٹ سے لے کر صوبائی تمام عہدیداران اور سرگرم افراد کی فہرستیں تیار کرلی گئی ہیں جن کے خلاف نئی جماعت بنانے پر انسداد دہشت گردی کے تحت قانونی کاروائی ہوگی۔ وفاقی حکومت کے اس فیصلے کے بعد گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات میں تحریک جعفریہ اور اہل سنت و الجماعت کی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔

salam news paper

متعلقہ مضامین

Back to top button