ندیم افضل چند کو داعش کی دھمکی، کسی سے نہیں ڈرتا ندیم افضل چند کا جواب

سابق چیئرمین پی اے سی ندیم افضل چن ان کے بھائی سابق ایم پی اے وسیم افضل چن کو داعش اور کالعدم تنظیم کی طرف سے دھمکی آمیز فون ، ان کے سیاسی ڈیرے پر داعش کی طرف سے دھمکی آمیز پوسٹر آویزاں کر دیا گیا۔
تفصیلات کیمطابق پی پی پی کے رہنما و سابق چیئرمین پی اے سی ندیم افضل چن نے گزشتہ روز مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ چند ماہ سے انہیں ، ان کے بھائیوں گلریز افضل چن اور وسیم افضل چن سابق ایم پی اے کو داعش اور کالعدم مذہبی تنظیم کی طرف سے فون کے ذریعے قتل اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کالعدم تنظیموں کی طرف سے ان کے بچوں کو اغوا کرنے کی بھی دھمکیاں دی جا رہی ہیں جبکہ فون کسی غیر قانونی نمبرز سے کئے جاتے ہیں ۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ ان کے آبائی گائوں پنڈ مکو میں ان کے سیاسی ڈیرہ پر کالعدم تنظیموں کی طرف سے دھمکی آمیز پوسٹر بھی آویزاں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی جبر کے ذریعے مذہبی نظریات بدلنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان دھمکیوں سے مرعوب ہونے والے نہیں ہیں ۔








