غزہ کے عوام کو انسان دوستانہ امداد کی فوری ضرورت

فلسطین کے امور میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیٹی کے رپورٹر نے غزہ پر اسرائیل کے وحشیانہ حملے کے متاثرین سے ملاقات کے بعد، اس علاقے میں انسانی المیہ کی بابت خبردار کیا ہے۔
ہمارے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق مکاریم ویبی سونو نے کہا کہ غزہ میں ہزاروں بچے اپنے اہل خانہ کے زخمی یا مارے جانے کی وجہ سے شدید ترین نفسیاتی دباؤ کا شکار ہیں اور یہ بچے دوسروں کے رحم و کرم پر زندگی گزارنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔
فلسطین کے امور میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیٹی کے رپورٹر نے غزہ کے علاقے میں قبل از وقت سردی کی تازہ لہر کی جانب اشارہ کرتے ہوئے، غزہ کے علاقے میں انسان دوستانہ امداد کی فوری فراہمی کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ غزہ کا بنیادی رفاہی نظام مکمل طور پر اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں تباہ ہوچکا ہے اور اس کی بحالی کی فوری ضرورت ہے۔
اقوام متحدہ کے اس عہدیدار نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ سردی کے موسم کے پیش نظر غزہ کے مظلوم عوام کی مدد کے لئے اقدامات انجام دے، اور غزہ کے عوام کو فوری طور پر گرم کپڑوں، دواؤں، غذائی اشیاء اور روزمرہ کے استعمال کے سامان کی ضرورت ہے۔








