مقبوضہ فلسطین

فلسطینی قیدیوں نے بھوک ہڑتال کر دی

سّتر سے زائد ایسے رہا شدہ فلسطینیوں نے، کہ جنھیں صیہونی حکومت نے دوبارہ گرفتار کرلیا ہے، بھوک ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ان فلسطینیوں کو سنہ دو ہزار گیارہ میں شالیط کے عوض ایک ہزار ستّائیس فلسطینیوں کی رہائی کے تحت، رہا کیا گیا تھا۔ ان فلسطینیوں نے قیدیوں کے امور کی کمیٹی کے نام اپنے ایک مراسلے میں دوبارہ گرفتاری اور صیہونی حکومت کی جیلوں کی ابتر صورت حال کے خلاف بوک ہڑتال کرنے کی دھمکی دی ہے۔ ان فلسطینیوں نے صیہونی حکومت کی جانب سے دوبارہ گرفتاری کو ایک غیر قانونی اور اہانت آمیز اقدام سے تعبیر کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں سیاسی وجوہات کی بناء پر گرفتار کیا گیا ہے۔ انھوں نے اپنی گرفتاری کو انسانی اصول اور قانون کے منافی قرار دیا۔اس مراسلے میں اعلان کیا گیا ہے کہ ان کی گرفتاری کا عمل، قیدیوں کے تبادلے کے قانون کے منافی ہے۔ واضح رہے کہ ان فلسطینیوں کو تین صیہونی آبادکاروں کی ہلاکت کے بعد گرفتار کیا گیا ہے۔ دوسری جانب صیہونی فوجیوں نے بیت اللحم، جنین اور نابلس پر حملہ کرکے ان علاقوں سے کئی فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔ادھر خلہ العامود میں فلسطینی مسلمانوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button