ملک بھر میں 400 سے زائد مقامات پر القدس ریلیاں نکالی جائیں گی، اطہر عمران

23 جولائی, 2014 08:50

ather5امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران طاہر نے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری یوم القدس کے پیغام میں کہا کہ ماہ صیام کے آخری روز امام خمینی (رہ) کے حکم پر یوم القدس منانے کا اعلان کیا گیا تو آئی ایس او پاکستان کو یہ طرہ امتیاز حاصل ہے کہ پاکستان میں مستضعفین جہاں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے جمعۃ الوداع کو یوم القدس منانے کا آغاز کیا، تب سے آج تلک آئی ایس او نے ہمیشہ ہر مشکل دور میں بھی یوم القدس کو منایا اور یوم القدس امام خمینی (رہ) کے حکم پر منا کر دنیا پر یہ ثابت کیا کہ ہم ہر دور میں فلسطینیوں کی حمایت کرتے ہیں اور امام خمینی کے اس نظریہ کو یاد رکھے ہوئے ہیں کہ ہم ہر دور میں مظلومین کے حامی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی فلسطین، آزادی بیت المقدس و مسجد بیت المقدس کیلئے خاص الخاص یوم (یوم القدس) کا انتخاب انتہائی دور اندیشی پر مبنی ثابت ہوا، جس کی وجہ سے پوری اسلامی دنیا کو بلا تفریق زبان و مکان، رنگ و نسل، فکر و فقہ ایک پلیٹ فارم ایک جان ہونا نصیب ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل اور متحدہ طلباء محاذ کے فیصلے کو خوش آمدید کہتے ہیں کہ انہوں نے امام خمینی کے حکم پر منائے جانے والے یوم القدس کو اپنایا۔ ہمیں خدا کی ذات پر مصمم یقین ہے کہ انشاءاللہ مظلوم فلسطینیوں کی داد رسی کیلئے یہ احتجاجات غزہ کی آزادی کی نوید لائیں گے اور غزہ کا محاصرہ ختم ہوگا، یہی روز ایک دن تبدیلی کا پیش خیمہ بنے گا اور بیت المقدس صیہونیوں کے پنجے سے آزاد ہوگا۔ اطہر عمران نے کہا کہ یوم القدس حق و باطل کے درمیان جدائی کا دن ہے، 56 ممالک کے ڈیڑھ ارب مسلم جسد واحد کا ثبوت دیتے ہوئے اپنا شرعی وظیفہ ادا کریں اور مظلومین کیلئے اپنا فعال کردار ادا کریں، ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی اہمیت و صلاحیت کو بروئے کار لاتے ہوئے یوم القدس کو اسلام کی نشاط ثانیہ کے لیے سنگ میل کے طور پر منانے میں اپنا عملی کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی تیسری بڑی القدس یعنی حمایت فلسطین ریلی کے انعقاد کروانے کا امتیاز پاکستان کو حاصل ہے اور انشاءاللہ یہ اعزاز باقی رہے گا، یوم القدس انشاءاللہ روز فتح مبین ہوگا، آئی ایس او پاکستان دنیا میں جہاں بھی مستضعفین ہیں، ان کی حامی اور ظالمین کے خلاف برسرپیکار ہے۔ آئی ایس او نے یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کا مطالبہ کیا ہے۔ آئی ایس او ماہ صیام کے رواں عشرہ کو قرآن و القدس کے نام سے مناتے ہوئے انشاءاللہ ملک بھر میں 400 سے زائد مقامات پر القدس ریلیوں کا انعقاد کرے گی، اس حوالے سے ملک بھر میں تشہیری اور دعوتی مہم مکمل ہوچکی ہے۔ پیغام کے آخر میں انہوں نے تمام عالم انسانیت سے اپیل کی کہ یوم القدس کو پہلے سے زیادہ قوت سے منائیں۔ ہمارے فلسطینی بھائی ہماری اخلاقی امداد کے منتظر ہیں۔

4:19 شام مئی 2, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔