سیاسی طاقت نہیں بنیں گے تو حقوق کی بھیک مانگنی پڑے گی، علامہ ناصر عباس جعفری
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس نے بھلوال میں عظمت شہداء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاون انتہائی شرمناک ہے، بےگناہوں کو قتل کیا گیا، ہم ڈاکٹر طاہر القادری کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری جلوس نکالیں، دھرنے دیں یا حکومت کیخلاف لانگ مارچ کریں، ہم انکے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے کارکنوں کو قتل کر کے انہیں فوج کی حمایت کرنے کی سزا دی گئی۔ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی قائد کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ایک سیاسی قوت بننے کا فیصلہ کر لیا ہے، اگرچہ یہ ایک مشکل کام ہے لیکن اگر ہم سیاسی طاقت نہیں بنیں گے تو اپنے حقوق کے لیے بھیک مانگنا پڑے گی، لیکن پھر بھی ٹھوکریں ملتی رہیں گی۔
بھلوال ضلع سرگودہا کی مرکزی امام بارگاہ میں اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ملک کو دہشت گردوں کی فیکٹری نہیں بننے دیں گے، پاکستان کے شیعہ اور سنی اکٹھے ہو جائیں تو پھر وہی ہو گا جو یہ چاہیں گے۔ انہوں نے سانحہ ماڈل ٹاون کے متعلق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف کا یہ کہنا کہ انہیں پولیس گردی کا علم ہی نہیں تھا، ایک جھوٹ ہے۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ اہلسنت نے راولپنڈی واقعہ کے موقع پر ہمارا ساتھ دیا، ہم انکے شانہ بشانہ چلیں گے، لیکن اپنے حقوق کے لیے ہتھیار نہیں اٹھائیں گے، بلکہ عوامی جدوجہد کریں گے اور انشاءاللہ کامیابی ہمارا مقدر ٹھہرے گی۔