آئی ایس آئی معاملے پر جیو جلد غلطی تسلیم کر لیگا،عامر لیاقت حسین

شیعت نیوز (مانیٹرنگ ڈیسک) جیو ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے نائب صدر عامر لیاقت حسین کا کہنا ہے کہ، ’پاکستان میں مارننگ شوز میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ قابل ِ پذیرائی نہیں۔ جیو نے مارننگ شو (اٹھو جاگو پاکستان) کو فی الوقت بالکل بند کر دیا ہے اور اس کے پورے عملے کو معطل کردیا گیا ہے بلکہ میں یہ خبر بھی دینا چاہوں گا کہ ان میں سے بیشتر کو ملازمت سے فارغ بھی کیا جا چکا ہے۔ جیو نے ہر موقعے پر اپنی غلطی کو تسلیم کیا ہے اور ہٹ دھرمی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ بس ایک جگہ رہ گئی ہے اور وہ جگہ ہے جو آئی ایس آئی کا معاملہ ہے، وہاں پر بھی ان شاء اللہ ایک دو روز میں اس غلطی کو تسلیم کر لیا جائے ، یہ بات انہوں نے ایک بین الاقومی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہی، عامر لیاقت حسین کا کہنا تھا کہ شائستہ لودھی کے مارننگ شو میں ادارتی سمجھ بوجھ (editorial judgment) میں غفلت کا مظاہرہ کیا گیا ہے اور کچھ انتظامی فقدان بھی دکھائی دیتا ہے۔ جیو اپنے ضابطہ ِاخلاق پر کام کر رہا ہے اور جلد ہی آپ جیو کو ایک مختلف اور خوبصورت روپ میں حوصلہ افزاء شکل کے ساتھ دیکھیں گے‘۔








