جیو کے گستاخانہ پروگرام کودیگر چینل اور فیس بک پر بار بار نشر کرنا بھی گستاخی ہے ، ایسا نہ کیا جائے ،علامہ ناظر عباس تقوی
شیعہ علماء کونسل سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ ناظر عباس تقوی نے متنبہ کیا ہے کہ جیو چینل کے گستاخانہ پروگرام کو دیگر چینل اور فیس بک پر دوبارہ نشر کرنا بھی اسی طرح گستاخی اہلبیت علیہم السلام کے زمرے میں آتا ہے جیسے کہ جیو چینل نے گستاخی کی ۔ انہوں نے جیو چینل کے پروگرام اٹھو جاگو پاکستان میں ایک قوالی میں گستاخانہ انداز اختیار کرنے پر جیو چینل کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ شیعہ مسلمانوں سمیت سارے مسلمانوں کے مقدس مذہبی جذبات کی توہین پر عالم اسلام سراپا احتجاج ہے لیکن اس کی آڑ میں کوئی ایسا کام نہ کیا جائے جس سے فرقہ واریت کو فروغ ملے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک جیو کا جو انداز ہے وہ عام مسلمانوں کے لئے قابل قبول نہیں ۔ جیو میڈیا گروپ کو نمایاں طور پر اور جنگ میں بھی نمایاں طور پر بالکل واضح انداز میں معافی مانگنے کا اعلان کرنا ہوگا۔ اس گستاخی پر انہیں اللہ تبارک و تعالیٰ اور خاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے معافی مانگنا چاہیے۔