پاکستان

عوامی ایکشن کمیٹی تنہا نہیں، گندم سبسڈی کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، علامہ مختار امامی

imami8مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن اور گلگت بلتستان یوتھ کے زیر اہتمام ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی اور گلگت بلتستان میں عوام کو گندم پر دی جانے والی سبسڈی کے خاتمے پرپاکستان پیپلز پارٹی اور گلگت بلتستان حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔ احتجاج میں شریک مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پاکستان پیپلز پارٹی مردہ باد، مہدی شاہ مردہ باد، گلگت بلتستان حکومت مردہ باد سمیت متعدد نعرے آویزاں تھے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی اور گلگت بلتستان یوتھ کے زیر اہتمام منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا مختار امامی، کراچی کے رہنما علی حسین نقوی، عوامی ایکشن کمیٹی کراچی کے مرکزی رہنما مولانا علی محمد اور گلگت بلتستان یوتھ کے رہنما صداقت علی اشتر کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کا استحصال کیا جا رہا ہے اور انتظامیہ کی جانب سے گندم پر سبسڈی کا خاتمہ عوام کو قتل کرنے کے مترادف ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام اپنے حقوق کے حصول کی خاطر کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان ایک ایسا خطہ ہے کہ جہاں سے پورے ملک کو پانی کی فراہمی ہو رہی ہے اور اس پانی سے بجلی بن کر پورے ملک کو سپلائی کی جا رہی ہے لیکن جس سر زمین سے یہ وسائل برآمد ہو رہے ہیں اُس خطے کے عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھنے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی قوانین کی روشنی میں فراہم کی جانے والی گندم پر سبسڈی کے خاتمے کا اعلان حکومت کی نا اہلی اور بد فعلی اور عوام دشمن ہونے کا کھلا ثبوت ہے۔

شرکائے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اگر گلگت اور بلتستان کے عوام کے بنیادی حقوق کی فراہمی میں رکاوٹوں کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو ملک بھر میں شیعہ او ر سنی عوام مل کر گلگت بلتستان کی طرح نا ختم ہونے والے احتجاج کا آغاز کر دیں گے اور ملک بھر میں حالات کی سنگینی کی تمام تر ذمہ داری حکومت وقت پر عائد ہوگی۔ انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت بشمول آصف علی زرداری، بلاول بھٹو سے مطالبہ کیا کہ وہ گلگت بلتستان کی مقامی انتظامیہ کے اس فیصلے کا نوٹس لیں بصورت دیگر ملت گلگت بلتستان کے عوام اس عوام دشمن سازش میں ان کو بھی برابر کا شریک کار سمجھیں گے۔ اس موقع پر شرکاء نے مردہ باد پیپلز پارٹی اور شیم شیم کے نعرے لگائے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button