پاکستان

اصحاب پیغمبرؐ کے مزارات پر حملے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف بڑی سازش ہیں، علامہ ساجد نقوی

sajuشیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے شام میں جلیل القدر اصحاب رسولؐ حضرت عمار بن یاسرؓ اور حضرت اویس قرنیؓ کے مزارات مقدس کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور اسلامی ممالک کی سربراہ تنظیم او آئی سی سے ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ مقدسات کا تحفظ یقینی بنایا جائے، اصحاب پیغمبرؐ کے مزارات پر حملے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف بڑی سازش ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چند روز قبل شام کے شہر الرقہ میں اصحاب رسولؐ حضرت اویس قرنیؓ اور حضرت عمار یاسرؓ کے مزارات مقدس پر ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کیا۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ اس طرح کی قبیح حرکتیں کرنیوالے کسی طور بھی اسلام کے نام لیوا نہیں ہوسکتے اور نہ ہی ایسے دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام امن و آشتی اور رواداری کا مذہب ہے جس کا تشدد اور انتہاء پسندی سے دور کا بھی واسطہ نہیں۔ علامہ ساجد نقوی نے مذکورہ واقعہ پر اقوام متحدہ اور اسلامی ممالک کی نمائندہ سربراہ تنظیم او آئی سی سے مطالبہ کیا کہ وہ دہشت گردوں کے ان جرائم کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں تاکہ مقدسات کی حرمت کو بچایا جاسکے۔ علامہ ساجد نقوی نے مذکورہ واقعہ کو سنگین جرم قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیاکہ اس واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے کیونکہ یہ صرف کسی مقدس ہستی کے مزار پر حملہ ہی نہیں بلکہ کروڑوں مسلمانوں کے دلوں پر حملہ ہے جس سے عالم اسلام میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی ہے اور یہ امت مسلمہ میں فتنہ و فساد پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button