پاکستان

چند سازشی عناصر فرقہ واریت کی آڑ میں مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں، علامہ ساجد نقوی

chelum sajidقومی سلامتی اور ملک کا استحکام عدل و انصاف کی فراہمی سے ممکن ہے، قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے سے ہی بدامنی اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے، قیام امن کیلئے مذاکراتی عمل کو آئین کے دائرے میں رکھنا ہوگا، ملک میں شیعہ سنی کا کوئی مسئلہ نہیں، چند سازشی عناصر فرقہ واریت کی آڑ میں مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں، باہمی رواداری اور اتحاد ویکجہتی کو مضبوط بنا کر ان سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا، سردار کاظم علی حیدری جیسے لوگ قومی اثاثہ اور امن وسلامتی کی ضمانت ہوتے ہیں، ایسے کردار کو زندہ رکھنا ہر محب وطن شہری کی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سینیئر مرکزی نائب صدر و سربراہ شیعہ علماء پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے علی پور میں ایس یو سی پنجاب کے نائب صدر اور معروف سیاسی و سماجی شخصیت سردار کاظم علی حیدری مرحوم کے چہلم کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت سنگین مسائل سے دوچار ہے اور بعض قوتیں اپنی منفی سوچ اور تخریبی کردار کے ذریعہ جلتی پر تیل ڈالنے کا کردار ادا کر رہی ہیں، پوری قوم کو یکجا ہوکر ایسی ملک دشمن قوتوں کا مقابلہ کرنا ہوگا اور ریاستی اداروں کو محب وطن اور وطن دشمنوں کے درمیان حدِ فاصل قائم کرنا ہوگی۔

علامہ ساجد علی نقوی نے کہا کہ تھر کے قحط زدہ علاقہ میں حکومت اور خیراتی اداروں کو متاثرہ انسانوں کی امدادی کارروائیوں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی طرف سے متاثرہ خاندانوں کی امداد کیلئے ضروری سامان کے ساتھ امدادی ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں، جو مسلسل تھر کے علاقہ میں متاثرین کو امداد پہنچا رہی ہیں اور وہ براہ راست امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ شیعہ علماء کونسل پنجاب اور خیبر پختونخوا کے صوبائی صدور علامہ مظہر عباس علوی اور علامہ محمد رمضان توقیر نے مرحوم کاظم علی حیدری کی قومی و مذہبی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ معاشرے میں سرگرم عمل منفی سوچ کی حامل قوتوں کو ناکام بنانے کیلئے تمام مکاتب فکر کے علماء اور سیاسی و سماجی رہنمائوں کو قوم کی درست سمت کی طرف رہنمائی کرنا ہوگی۔ چہلم کے اجتماع میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور مختلف مکتبہ فکر کے راہنمائوں نے مرحوم سردار کاظم علی حیدری کی امن و یکجہتی کے قیام کی جدوجہد اور مثبت کردار کو سراہتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

اجتماع سے ڈسٹرکٹ علماء امن کونسل مظفرگڑھ کے چیئرمین ڈاکٹر عقیل الرحمان پیرزادہ، صوبائی جنرل سیکرٹری بین المذاہب ہم آہنگی پنجاب علامہ شفیق الرحمان آزاد، جمعیت اہلحدیث کے راہنما قاری عبدالغنی ثاقب، جمعیت علماء پاکستان کے راہنما پروفیسر محمد شفیع خان، ایم کیو ایم کے ضلعی راہنما غلام علی بخاری، شیعہ علماء کونسل ضلع مظفرگڑھ کے صدر علامہ سجاد حسین قمی، ضلعی جنرل سیکرٹری شیعہ علماء کونسل سید اختر حسین بخاری، جے ایس او پاکستان کے سابق مرکزی جنرل سیکرٹری تقی حیدر جوادی، جماعت اہلسنت کے راہنما غوث بخش فریدی کے علاوہ علامہ نجم الحسنین خان، علامہ توصیف کمیلی، علامہ منور حسین نقوی، علامہ تنویر الکاظم، علامہ مومن حسین قمی، علامہ محمد باقر گھلو، علامہ احسان اتحادی، پروفیسر خادم لغاری، مولانا صابر حسین طاہر، زاہد حسین زیدی، رانا محمد حسین، وسیم عباس خان اور دیدار علی زیدی نے بھی خطاب کیا۔

چہلم کے اجتماع میں سابق وفاقی وزیر سردار عبدالقیوم خان جتوئی، سابق ایم پی اے سردار رسول بخش خان جتوئی، سید اجمل المرتضٰے ایڈووکیٹ، ملک محمد علی گھلو، آغا حسن کاظمی، خادم حسین گھاگھری، حیدر علی انقلابی صوبائی آرگنائزر JSO پنجاب اور دیگر متعدد سیاسی، مذہبی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی اس موقع پر علامہ سید ساجد علی نقوی نے مرحوم کے صاحبزادگان سردار حیدر علی خان، سردار کامران علی خان کی دستار بندی بھی کی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button