خطروں سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں، آرمی چیف
اسلام آباد: دہشتگردی اور عسکریت پسندی سے نمٹنے میں پاکستانی افواج کی صلاحیت کے بارے میں تاثرات کو رد کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ فوج ملک کی سالمیت اور دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
‘ اس بارے میں کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر جنگ کا مقابلہ کرنے اور وطنِ عزیزکے استحکام اور سالمیت کو درپیش اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے،’ انہوں نے صوبہ خیبر پختونخواہ میں ایف سی ہیڈ کوارٹر میں موجود اہلکاروں سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔
اس ماہ کی شروعات میں پارلیمنٹ کے ایوانِ بالا میں اسی موضوع پر ایک گرما گرم بحث چھڑگئی تھی۔ یہ معاملہ پاکستان تحریکِ انصاف ( پی ٹی آئی ) کے سربراہ عمران خان کے اس ٹٰی وی انٹرویو کے بعد منظرِ عام پر آیا تھا جس میں انہوں نے دہشتگردی کے خلاف پاکستانی فوج کی صلاحیت کے متعلق سوالات اُٹھائے تھے۔
عمران خان نے کہا تھا کہ سابق آرمی چیف جنرل ( ریٹائرڈ) اشفاق پرویز کیانی نے وزیرِ اعظم کو بتایا تھا کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں فوجی آپریشن کی کامیابی کا امکان 40 فیصد ہے۔
چیف آف آرمی اسٹاف نے پاکستانی افواج کے بلند مورال کو سراہا اور کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستانی فوج کی قربانیوں کا اعتراف کرتی ہے جو ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے قومی عمل کا ایک حصہ ہے۔
جنرل راحیل شریف نے یقین دلایا کہ یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائے گی۔
اس سے ایک روز قبل وفاقی وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا تھا کہ دہشتگردی کے حملوں کے درمیان پاکستانی طالبان سے امن مذاکرات کرنا ان لوگوں سے ناانصافی ہوگی جو اس عمل کے شکار ہوئے ہیں۔
دہشتگردوں کیخلاف سیکیورٹی فورسز کے کئی کامیاب آپریشنز کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے افواج اور قانون نافذ کرنے والی دیگر فورسز کے کردار کو سراہا جنہوں نے مقامی افراد اور خصوصاً پاکستانی قوم کی تائید و حمایت سے دہشتگردی سے کے شکار علاقوں کو صاف کیا۔
‘ ہم مستقبل میں آنے والے کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں،’ آرمی چیف نے دوبارہ اس بات کو دوہرایا۔
نثار علی خان نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ خود وزیرِ اعظم نواز شریف اور فوجی لیڈرشپ دہشتگردوں کے حملے کے دوران امن مذاکرات جاری کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔
اس سے قبل پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل خالد ربانی اور انسپیکٹر جنرل ( آئی جی ) ایف سی میجر جنرل غیور محمود نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
اس کے بعد آئی جی ایف سی نے جنرل راحیل شریف کو فاٹا اور دیگر علاقوں میں جاری آپریشن پر بریفنگ دی۔