پاکستان

پنجاب میں قید طالبان اور متعلقہ کالعدم گروہوں کے قیدیوں، ملاقاتیوں اور معاونین کی رپورٹ محکمہ داخلہ کو دے دی گئی

punjab pollice armyاعلیٰ حکام کے حکم پر انٹیلی جنس اداروں نے پنجاب میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان سمیت کالعدم تنظیموں کے جیلوں میں بند قیدیوں کی تفصیلی رپورٹ متعلقہ حکام کو بجھوا دی ہے۔ انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق رپورٹ میں قیدیوں کے متعلق بتایا گیا ہے کہ وہ کس جرم میں جیلوں میں بند ہیں، جیل میں ان کی سرگرمیاں کیا ہیں، جیل کے اندر اور باہر کس سے تعلقات ہیں، جیل انتظامیہ میں کن سے ان کے بہتر تعلقات رہے ہیں اور جیل کے کس ملازم نے ان کی مدد کی، اب تک کون کون ان سے جیل میں ملاقات کر چکا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کتنے ایسے قیدی ہیں جن کی سزائیں پوری ہو چکی ہیں، مگر انہیں رہا نہیں کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ بھی رپورٹ کیا گیا ہے کہ محکمہ داخلہ میں اس حوالے سے اب تک کتنی میٹنگز ہوئیں اور موجودہ صورتحال میں ان کی کیا پوزیشن ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ انٹیلی جنس اہلکاروں کو احکامات جاری کیے گئے ہیں کہ مذکورہ قیدیوں پر خصوصی نظر رکھیں۔ انٹیلی جنس اداروں نے کالعدم تنظیموں کے قیدیوں کی رپورٹ بھی ارسال کر دی ہے، حکام نے طالبان، پنجابی طالبان، لشکر جھنگوی، القاعدہ اور دیگر کالعدم جماعتوں کے قیدیوں کی سرگرمیوں، ملاقاتوں، انکے ساتھ تعاون کرنیوالوں کی تفصیلی معلومات مانگی تھیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button