پاکستان

پشاور دھماکے کی مذمت، ہماری حکومت کالعدم ہوچکی ہے، علامہ سید عابد حسینی

پشاور دھماکے کی مذمت، ہماری حکومت کالعدم ہوچکی ہے، علامہ سید عابد حسینیشیعت نیوز۔ پشاور پاک ہوٹل میں دھماکے پر پاراچنار کے عوام، عمائدین خصوصا علماء کرام نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے، پشاور واقعے کی سوگ میں عوام نے احتجاجاً پاراچنار بازار میں دکانیں بند رکھیں۔

علاقے کے علماء، سیاسی شخصیات اور عمائدین نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں پاراچنار کے مراکز پر یہ پہلا حملہ نہیں، اس سے قبل بھی شیعہ املاک اور شخصیات کو نشانہ بنایا جاچکا ہے۔ اور حکومت کو اس سلسلے میں مکمل طور پر معلومات ہیں۔

اس حوالے سے تحریک حسینی کے سپریم لیڈر علامہ سید عابد حسینی نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی عدم دلچسپی اور غلط پالیسیوں کی وجہ سے پورے ملک میں شیعوں کا قتل عام ہورہا ہے۔ حکومت کی نااہلی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے تحریک حسینی کے رہنما کا کہنا تھا کہ ہر واقعے کے بعد حکومت اپنی بے بسی کا اعلان کرکے فقط اتنا کہتی ہے کہ کالعدم طالبان نے واقعے کی ذمہ داری قبول کی۔ اور یہ کہ کالعدم طالبان نے دھماکہ کرایا ہے۔ جبکہ میرا خیال ہے کہ طالبان کالعدم نہیں بلکہ ہماری حکومت کالعدم ہوچکی ہے۔ طالبان کا تو ملک میں مضبوط وجود ہے جبکہ حقیقت میں ہماری حکومت کالعدم ہے کیونکہ ہمارے ملک میں حکومت کا کوئی حقیقی وجود نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کیا ایسی سرکار بھی کہیں حکومت کہلانے کی قابل ہے جو ملک میں اپنی رڈ قائم کرنے کے لئے ہر وقت دہشتگردوں سے بھیک مانگتی ہے، کیا یہ بھی کوئی حکومت ہے جو ملک میں امن کے قیام کے لئے طالبان اور دوسری دہشتگرد تنظیموں سے بھیک مانگتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں ملک میں امن کے قیام کے لئے نہیں بلکہ حکومت سمیت ہر جماعت کو اپنے وجود کا خیال رہتا ہے۔

سابق سنیٹر کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی پوری عمارت حرام کمائی پر کھڑی ہے۔ ہمارے ہاں کوئی ادارہ، سیاسی حتی کہ کسی مذھبی شخصیت کو وطن عزیز سے کوئی دلچسپی نہیں بلکہ ہر شخص کو اپنے وجود کا خیال رہتا ہے، اور ہر حالت میں انہیں اپنی کمائی کا خیال رہتا ہے، خواہ یہ کمائی پاکستان کی قیمت ہر کیوں نہ ہو۔

علاقے کے مختلف سیاسی اور مذھبی رہنماؤں نے بھی پشاور حادثے کی شدید مذمت کی۔ تحریک حسینی کے صدر مولانا منیر حسین، مجلس علماء اہلبیت کے صدر علامہ سید صفدر علی شاہ نجفی، انصار الحسین کے صدر منصب علی، ائر مارشل (ر ) سید قیصر حسین، سید اقبال میاں، سماجی رہنما پیر سید ہاشم میاں، حاجی عنایت حسین، ڈاکٹر محسن علی، ڈاکٹر ذولفقار حسین، محمد حسنین، حاجی سید مزمل حسین، حاجی یوسف حسین، پیر سید ھدایت حسین میاں، حاجی سید علی اکبر میاں، کونسلر حاجی اصغر حسین وغیرہ نے پشاور واقعے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پشاور میں پاراچنار کے عوام کے تحفظ کے لئے خصوصی بندوبست کرے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button