پاکستان

کراچی، علامہ امین شہیدی کی سانحہ مستونگ کے زخمیوں کی عیادت، طالبان کیخلاف آپریشن کی حمایت

ameen shaheedi zakhmiمجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے کراچی کے مقامی ہسپتال میں سانحہ مستونگ کے زخمیوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ علامہ عباس وزیری، وحدت یوتھ کے صوبائی سیکرٹری مہدی عباس، ایم ڈبلیو ایم کراچی کے رہنما اصغر عباس زیدی، احسن عباس رضوی، آصف صفوی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ علامہ امین شہیدی نے زخمیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی قربانیوں نے حکومت وقت کو طالبان سے مذاکرات کے بجائے آپریشن کرنے پر مجبور کر دیا ہے، یہ آپ لوگوں کی ہی استقامت کا نتیجہ ہے کہ قوم آج طالبان کی دہشت گردی کے خلاف ایک سمت میں سوچ رہی ہے۔

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ طالبان دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں حکومت کی حمایت کا اعلان کریں گے، کیونکہ ملک بچانے کے لئے طالبان کے خلاف آپریشن ناگزیر ہوچکا ہے۔ علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ جو سیاسی و مذہبی جماعتیں اب بھی 55 ہزار پاکستانیوں کی شہادتوں کے باوجود طالبان کے ساتھ مذاکرات کی حامی ہیں وہ وطن دوست نہیں ہیں، کیونکہ پاکستان کی عوام کی اکثریت طالبان دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا مطالبہ کر رہی ہے، امید ہے کہ نواز حکومت 55 ہزار پاکستانیوں کے قاتلوں کے خلاف بھرپور آپریشن کرکے شہداء کے لواحقین کا ساتھ دیں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button