پاکستان

ریاست کی رٹ مذاق بن چکی ہے،پوری قوم دہشت گردی کے خلاف صف آراء ہو جائے، صاحبزادہ حامد رضا

hamidسنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے اعلان کیا ہے کہ سنی اتحاد کونسل سکیورٹی فورسز پر بڑھتے حملوں کیخلاف جمعہ 24 جنوری کو ملک گیر یومِ احتجاج منائیگی، اس موقع پر ملک بھر میں امن و محبت کو خطباتِ جمعہ کا موضوع بنایا جائیگا اور جمعہ کے اجتماعات میں سکیورٹی فورسز پر حملوں اور دہشتگردی کے بڑھتے واقعات کیخلاف مذمتی قراردادیں منظور کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں سکیورٹی فورسز پر خودکش حملہ قابل مذمت ہے، پاکستان حالت جنگ میں ہے، ہر کسی کو امن کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو ، سکیورٹی فورسز پر حملے کرنیوالے غیرملکی طاقتوں کے ایجنٹ ہیں، دہشتگرد فساد فی الارض کے مجرم ہیں، پوری قوم دہشتگردی کے خلاف صف آراء ہو جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ رضویہ میں علماء و مشائخ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے دہشتگردوں کی سرکوبی کیلئے جرأت مندانہ قدم نہ اٹھایا تو ملک کسی بڑے سانحہ سے دوچار ہو سکتا ہے،تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں امن کے ایجنڈے پر متحد ہو جائیں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ دہشتگردی کی وجہ سے اسلام بدنام اور پاکستان کمزور ہو رہا ہے، حکومت نے سات ماہ میں سکیورٹی پالیسی کا اعلان نہ کر کے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا ہے، موجودہ حکمران دہشت گردی سے نمٹنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، پاکستان عالمی گریٹ گیم کا میدان بن چکا ہے، دہشت گردی کے ایشو پر قومی اتفاق رائے ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت دہشتگردی کے معاملے میں کنفیوزڈ، غیر سنجیدہ اور مصلحتوں کا شکار ہے، قوم جنازے اٹھا اٹھا کر تنگ آ گئی ہے، ریاست کی رٹ مذاق بن چکی ہے،ڈرون حملوں کے ردعمل میں بے گناہوں کا خون بہانا ظلم ہے، حکومت امریکی اتحاد سے علیحدگی کا اعلان کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امریکہ، بھارت اور بعض اسلامی ممالک کی مداخلت بدامنی کا سبب ہے، دہشت گردی کے بڑھتے واقعات الارمنگ ہیں،پاکستان جنازوں اور لاشوں کا ملک بن چکا ہے، تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں امن کے ایجنڈے پر متحد ہو جائیں، امن دشمنوں کے مقابلہ کے لیے امن پسند اکٹھے ہو جائیں، دہشت گردی کی آگ کو بجھانے کیلئے تمام طبقات اپنا اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button