پاکستان

شمالی وزیرستان میں جیٹ طیاروں کی بمباری، طالبان کمانڈر عدنان رشید سمیت 27 شدت پسند ہلاک

adnan rasheedشمالی وزیرستان میں جیٹ طیاروں کی بمباری سے طالبان کمانڈر عدنان رشید ہلاک۔ بیوی سمیت خاندان کے چار افراد مارے گئے۔ عسکری ذرائع نے ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ بمباری سے 25 شدت پسند بھی مارے گئے۔ کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان نے عدنان رشید کی ہلاکت کی تردید کر دی۔ عسکری ذرائع کے مطابق میر علی کے نواحی علاقوں میں عسکریت پسندوں کے مشتبہ ٹھکانوں پر گن شپ ہیلی کاپٹروں کی وقفے وقفے سے بمباری اور شیلنگ جاری ہے۔ شیلنگ اور بمباری سے عسکریت پسندوں کے متعدد کمپاؤنڈ تباہ ہوگئے۔ اس سے پہلے رات گئے بھی میر علی اور میرانشاہ کے مختلف مقامات پر جیٹ طیاروں نے شدت پسندوں کے مشتبہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ اس دوران دہشت گرد عدنان رشید کی موجودگی کی اطلاع پر ایک گھر کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ بمباری کے نتیجے میں طالبان کمانڈر عدنان رشید ہلاک، بیوی سمیت خاندان کے چار افراد مارے گئے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے بیشتر پنجابی طالبان ہیں۔ شمالی وزیرستان میں جیٹ طیاروں کی یہ پہلی کارروائی ہے۔ جیٹ طیاروں کی بمباری سے عام قبائلیوں میں بھی خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔

فورسز کے حملے میں مارا جانے والا عدنان رشید انیس سو ساٹھ میں ضلع صوابی کے علاقے چھوٹا لاہور میں پیدا ہوا۔ عدنان رشید نے بطور ٹیکنیشن پاکستان ایئر فورس میں بھی کام کیا۔ وہ اردو، پشتو، اور انگریزی زبانوں پر عبور رکھنے کے ساتھ ساتھ بم بنانے اور الیکٹرونکس کا بھی ماہر تھا۔ دو ہزار چار میں عدنان رشید کو سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف پر حملے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ جرم ثابت ہونے پر اسے موت کی سزا کا حکم سنایا گیا لیکن اس پر عمل نہ ہو سکا۔ دو ہزار بارہ میں بنوں جیل پر حملے کے دوران عدنان رشید فرار ہو گیا۔ اس پر الزام تھا کہ جیل توڑنے کی منصوبہ بندی اسی نے کی تھی۔ عدنان رشید کا نام انتہائی مطوب دہشتگردوں کی فہرست میں شامل تھا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button