پاکستان

بارہ کہو خودکش دھماکہ میں ملوث ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی گئی

barghaانسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بارہ کہو خودکش حملہ کیس کے الزام میں گرفتار خاتون ملزمہ سمیت چھ ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی۔ تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔ آئندہ سماعت پر عدالت نے مدعی مقدمہ سمیت چار گواہان کو شہادت کے لئے طلب کر لیا۔ گذشتہ روز بارہ کہو خودکش حملہ میں گرفتار ملزمہ مہوش اور آٹھویں جماعت کے طالبعلم ملزم انور حمید کے مقدمہ کی سماعت کی گئی۔ سماعت کے دوران ملزمان کے وکیل فاروق اعوان ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ اس نے ملزم حمید کی عمر اور اس کے اعترافی بیان کو عدالت میں چیلنج کر رکھا ہے، عدالت اس کا پہلے فیصلہ کرے۔ عدالت میں وکیل فاروق اعوان نے موقف اختیار کیا کہ ملزم انور حمید کی عمر کے تعین کا میڈیکل سرٹیفیکیٹ ہسپتال سے مل گیا ہے۔ جس کے مطابق ملزم کی عمر پندرہ سے سولہ سال کے درمیان ہے، لہذا عدالت ملزم کا مقدمہ کم سن بچوں کی عدالت میں منتقل کرے۔ عدالت نے ملزمہ مہوش سمیت چھ ملزمان کے خلاف فرد جرم عائد کرتے ہوئے سماعت بائیس جنوری تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button