پاکستان

محرم میں کراچی بڑی تباہی سے بچ گیا، کالعدم تنظیم کے کارندے گرفتار، بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد

ttp3وفاقی حساس ادارے اور سہراب گوٹھ پولیس نے سپر ہائی وے پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دو کارندوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کرلیا جبکہ پولیس اور رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ کارروائیوں اور اسنیپ چیکنگ کے دوران 25 مفرور ملزمان سمیت 123 افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ اور دستی بم بر آمد کر لیے، حراست میں لیے گئے افراد میں کالعدم تحریک طالبان، لیاری گینگ وار اور سیاسی جماعتوں کے کارکن شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ایسٹ زون منیر شیخ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی حساس ادارے اور سہراب گوٹھ پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سپر ہائی وے نیو سبزی منڈی کے قریب چھاپہ مار کر ٹرک نمبر Z3241 پر روک کر تلاشی لی تو اس میں 17 گرنیڈ، 17 پستول، ایک کلو بارودی مواد برآمد کرلیا، مذکورہ سامان وزیرستان سے کراچی لانے والے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے کارندے زبیر احمد ولد عبدالقیوم کو گرفتار کیا اور مذکورہ سامان منگوانے والے محمد علی عرف عمران ولد شیر ولی محسود کو بھی گرفتار کیا، پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کارروائی کے باعث پولیس نے شہر کو محرم الحرام میں ہونے والی تباہی سے بچا لیا۔

دریں اثناء کراچی پولیس نے چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں 70 چھاپوں اور 3 پولیس مقابلوں میں 89 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد ہوئی ہیں، گرفتار شدگان میں 25 مفرور ملزمان بھی شامل ہیں، پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے، محمود آباد میں سرچ آپریشن کے دوران 6 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ کورنگی زمان ٹاؤن کے علاقے سے 7 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کے لیے نامقام پر منتقل کردیا ہے۔ علاوہ ازیں ماری پور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم مجید بلوچ کو اس کے تین ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا، ملزم نے دوران تفتیش سائٹ ایریا میں ایک درجن سے زائد پولیس اہلکاروں کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے، گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے اور ان کے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول اور دستی بم بھی برآمد ہوئے۔ رینجرز سندھ نےبھی ٹارگٹڈ کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔

پاکستان رینجرز سندھ نے گزشتہ روز خفیہ اطلاعات پر شرافی گوٹھ، لیاری، شیر پاؤ کالونی لانڈھی، چشتی نگر، ملیر ماڈل کالونی، عوامی کالونی کورنگی صنعتی ایریا، گلشن اقبال، لیاقت آباد، الکرم اسکوائر، لائنز ایریا، جیکب لائن، شو مارکیٹ، لی مارکیٹ، اورنگی توسیع منصور نگر، صاحب داد گوٹھ، لاسی گوٹھ، دھنی بخش گوٹھ اور صنوبر ہائٹس میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا، جبکہ سہراب گوٹھ، یعقوب شاہ بستی، پیراڈائز چوک گلشن اقبال، نواز شریف پارک اور گرومندر کے قریب اسنیپ چیکنگ کی گئی۔ رینجرز ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹارگٹڈ کارروائیوں اور اسنیپ چیکنگ کے دوران مجموعی طور پر 49 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن میں دہشت گردی سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث کالعدم تحریک طالبان، لیاری گینگ وار اور مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکن بھی شامل ہیں، ملزمان کے قبضے سے لائٹ مشین گن، سب مشین گن اور پستولوں سمیت دیگر اسلحہ اور دستی بم بھی بر آمد ہوئے ہیں۔ رینجرز نے گارڈن کے علاقے شو مارکیٹ میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران ایک سیاسی تنظیم کے 3 کارکنان عدیل، شکیل اور گجر کو حراست میں لیکر ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرنےکا دعوی کیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button