پاکستان

شہداء کے پاک و پاکیزہ لہو نے ہمیں طاقتور قوم بنایا ہے، علامہ حسن ظفر نقوی

hasan zaferدشمن چاہتا تھا کہ ہمیں ڈرا دھمکا کر میدان چھوڑنے پر مجبور کر دے، لیکن قوم کی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں نے کربلا سے درس لیتے ہوئے میدان میں حاضر رہ کر دشمن کے اس خیال کو خاک میں ملا دیا۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ حسن ظفر نقوی نے کراچی کے علاقے انچولی سوسائٹی کے امروہہ گراؤنڈ میں منعقدہ یوم شہدائے ملت جعفریہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے۔ تقریب کا انعقاد پیام ولایت فاؤنڈیشن اور ناصران امام (ع) فاؤنڈیشن کی جانب سے کیا گیا تھا۔ تقریب میں شہدائے ملت جعفریہ کے خانوادوں میں نشان حیدر (ع) کی طرز پر بنائے گئے نشان علمدار (ع) پیش کئے گئے۔ اس موقع پر شرکاء نے لبیک یاحسین (ع) کے پرجوش نعروں سے شہدائے ملت جعفریہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔

تقریب میں خصوصی شرکت شہید ناموس رسالت (ص) سید علی رضا تقوی (رہ) کے بھائی اور ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ صادق رضا تقوی، شہید علی رضا تقوی (رہ) کے فرزندوں، شہید علامہ آغا آفتاب حیدر جعفری کی والدہ محترمہ نے کی۔ اس موقع پر امامیہ اسکاؤٹس اوپن گروپ، پیام اسکاؤٹس اور جے ڈی سی اسکاؤٹس کے ممبران نے شہداء کے خانوادوں کو اسکاؤٹ سلامی بھی پیش کی۔ تقریب میں علامہ فرقان حیدر عابدی اور علامہ نثار احمد قلندری سمیت دیگر علمائے کرام، ذاکرین عظام اور عوام کی بڑی تعداد شریک تھی۔

اپنے خطاب میں علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ شہداء ہمارے لئے وہ چراغ ہیں جو قوموں کو گمراہی سے بچاتے ہوئے راستہ دکھاتے ہیں اور راہ راست پر گامزن رکھتے ہیں، آج اگر ہم سرخرو ہیں تو فقط اپنے شہداء کی قربانیوں کی بدولت ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کی کوشش تھی کہ ہمیں منتشر کر دے، ہمارے درمیاں اختلافات کو ہوا دے، مگر شہداء کے پاک و پاکیزہ لہو نے ہمیں منتشر ہونے سے بچائے رکھا ہے اور ہمیں طاقتور قوم بننے میں مدد فراہم کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کربلا کے ماننے والے کل بھی میدان میں حاضر تھے اور آج بھی شیطان بزرگ امریکہ و اسرائیل کے خلاف پوری دنیا میں برسرپیکار ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button