امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کی سربراہ ایم ڈبلیوایم سینیٹرعلامہ راجہ ناصرعباس سے ملاقات، رہبر معظم کی شہادت پر تعزیت
شیعیت نیوز: امیرِ جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے وفد کے ہمراہ قائد حزبِ اختلاف سینیٹ و سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور رہبرِ مسلمینِ جہاں شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای رحمۃُ اللہ علیہ کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دلی تعزیت پیش کی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے عالمِ اسلام کو درپیش سنگین چیلنجز، خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور امتِ مسلمہ کے باہمی اتحاد و یگانگت کی ناگزیر ضرورت پر تفصیلی اور سنجیدہ گفتگو کی۔
اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ احمد اقبال رضوی، مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان امین شیرازی، چیف آرگنائزر سید ناصر عباس شیرازی، مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی، سابق مرکزی صدر حسن زیدی اور حسن عارف بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں : کالعدم لشکر جھنگوی کے سرغنہ اور سینکڑوں پاکستانی شیعوں کے قاتل شفیق مینگل کی پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت، صدر آصف زرداری سے ملاقات
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای رحمۃُ اللہ علیہ کی پوری زندگی امتِ مسلمہ کے وقار، خودمختاری اور استقامت کی عملی تفسیر تھی۔ انہوں نے استعماری قوتوں کے سامنے جس عزم و استقلال کا مظاہرہ کیا، وہ رہتی دنیا تک مظلوم اقوام کے لیے مشعلِ راہ رہے گا۔ اُن کی شہادت نہ صرف ایران بلکہ پورے عالمِ اسلام کے لیے عظیم سانحہ اور ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اس موقع پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کٹھن گھڑی میں ملی و دینی قیادت کا یکجا ہونا اس بات کا واضح پیغام ہے کہ پاکستان کے دینی و سیاسی طبقات امتِ مسلمہ کے وسیع تر مفاد میں متحد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہداء کا مقدس خون امت کو بیداری، شعور، جرأت اور استقامت کا درس دیتا ہے، اور یہی پیغام آج ہمیں باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر اتحاد، ہم آہنگی اور مشترکہ جدوجہد کی طرف بلاتا ہے۔







