وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ کی جعفریہ الائنس کے دفتر آمد، آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر اظہار تعزیت
شیعیت نیوز:وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جعفریہ الائنس پاکستان کے کراچی میں مرکزی آفس پہنچ کر حضرت آیت اللہ سید علی الحسینی خامنہ ای کی مظلومانہ شہادت پر تعزیت پیش کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ اور صوبائی وزیر ریاض شاہ بھی تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جعفریہ الائنس کے صدر مولانا سید شہنشاہ حسین نقوی سے حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا اور شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت عالم اسلام کا عظیم نقصان ہے، عالم اسلام خصوصاً پاکستانی عوام اس غم میں اپنے برادر اسلامی ملک ایران کے عوام کے ساتھ سوگوار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کی سربراہ ایم ڈبلیوایم سینیٹرعلامہ راجہ ناصرعباس سے ملاقات، رہبر معظم کی شہادت پر تعزیت
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے امریکی قونصل خانے کے باہر رونما ہونے والے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے شہید ہونے والے مظاہرین کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ واقعے کی حقیقت سے آگاہ کیا جائے گا، ذمہ داران کے خلاف کارروائی کریں گے۔ صدر جعفریہ الائنس پاکستان علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے وزیر اعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ملت جعفریہ پاکستان سوگوار ہے، امید ہے حکومت ہمارے تحفظات پر اقدامات کرے گی۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ یہ عظیم سانحہ ہے، اسی لیے تعزیت کیلئے آیا ہوں۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے ملت جعفریہ کے تحفظات کے ازالے کیلئے جعفریہ الائنس کے ساتھ تفصیلی میٹنگ کرنے کا اعادہ کیا۔







