مرکزی جلوس یوم شہادت علیؑ کے انتظامات کےسلسلے میں کمشنر کراچی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس
شیعیت نیوز: کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت کمشنر ہاؤس کراچی میں یوم شہادت حضرت علیؑ کے مرکزی جلوس کے انتظامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یوم حضرت علیؑ کے مرکزی جلوس کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، جلوس کے راستوں پر صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے، جلوس کے راستوں پر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ، ڈپٹی کمشنر شرقی نصرللہ عباسی، ڈپٹی کمشنر جنوبی جاوید نبی کھوسو، ڈی آئی جی ایسٹ فرخ لنجار، ڈی آئی جی جنوبی اسد رضا، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹرز رابعہ سید، ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، چیف فائر آفیسر کے ایم سی، واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن، بلدیہ عظمیٰ اور ٹاؤن ایڈمنسٹر یشن کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو سیکیورٹی انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی پولیس چیف کی زیر صدارت یوم شہادت امام علیؑ کے سیکیورٹی انتظامات کیلئے اہم اجلاس
سینئر پولیس افسران نے کمشنر کو سیکیورٹی انتظامات اور ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے ٹریفک انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ٹریفک کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے، متبادل روٹس بنائے جائیں گے، عوام کو متبادل راستوں سے آگاہ کرنے کیلئے راستوں کی تشہیر کی جائے گی۔ کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز کو کہا کہ وہ اس موقع پر منتظمین سے رابطے میں رہیں اور ہر ممکنہ سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کریں۔ منتظمین نے جلوس کے راستوں پر انتظامات کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں اپنی تجاویز پیش کیں۔ فیصلہ کیا گیا کہ یوم شہادت علیؑ کے موقع پر مرکزی جلوس کے راستوں پر صفائی اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ سیوریج کی شکایات کے ازالے کیلئے مربوط اقدامات کئے جائیں گے، متعلقہ آفسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ منتظمین سے رابطہ کے ساتھ اقدامات کریں۔







