پاکستان

حکومت کرم ایجنسی کے عوام کو طالبان دہشت گردوں سے نجات دلایے۔علامہ عباس کمیلی

allama_1جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ علامہ عباس کمیلی نے ارباب اختیار و قوم سے مطالبہ کیا ہے کہ کرم ایجنسی کے محب وطن عوام کو طالبان دہشت گردی سے نجات دلائی جائے اور وفاقی و صوبائی حکومتیں وعدہ شکن دہشت گردوں کی زبانی باتوں پر کان دھرے بغیر ان کے خلاف سخت کارروائی کریں۔شیعت نیوز کی رپورٹ کے مطابق وہ منگل کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مولانا محمد حسین مسعودی، علامہ سید فرقان حیدر عابدی، سید سلمان مجبتیٰ، چچا سید وحید الحسن، سید شبر رضا و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے لیبیا اور بحرین میں غیرملکی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں عوامی بیداری کی تحریکوں کی حمایت کرتے ہوئے پاکستان کی جمہوری حکومت دو ٹوک رویہ اختیار کرے اور وہاں آمریت و شہنشاہیت کے ساتھ کھڑے ہونے کے بجائے جمہوریت کا ساتھ دے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اخبار کے ذریعے یہ اطلاع ملی ہے کہ بحرین کی حکومت نے وزیر خارجہ کی سربراہی میں وفد پاکستان بھیجا ہے جو یہاں فوج میں بھرتی کے لئے ریٹائرڈ فوجیوں اور نوجوانوں کو ملازمت کی پیشکش کر رہا ہے تو اگر ان لوگوں کو فوج میں بھرتی کر کے لیجایا گیا تو پاکستان کے عوام کو بھی یہ حق حاصل ہے کہ وہ بحرین کے عوام کی اخلاقی اور انسانی بنیادوں پر مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ کرم ایجنسی میں حالیہ دنوں میں بھی 4 واقعات ہوئے ہیں جن میں لوگوں کو اغواء کر کے شہید کرنے کے بعد لاشیں پھینکی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں مری امن معاہدہ ہوا جس میں علاقہ کے تمام قبائل، پولیٹیکل ایجنٹس، مذہبی و سیاسی جماعتوں و دیگر عمائدین کی مکمل رضامندی شامل تھی کے بعد صورتحال میں بہتری کی امید پیدا ہوئی تھی اور مذکورہ امن معاہدے کی طالبان نے بھی حمایت کی تھی اور وعدے کی پاسداری کا اعلان کیا تھا، تاہم اس معاہدے کو طالبان نے ختم کرتے ہوئے سڑک پر سفر کرنے والوں کو پہلے ہی ہفتے دہشت گردی کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پارا چنار تا پشاور گزشتہ چار سال سے طالبان دہشت گردوں نے سڑک پر لوگوں کی آمدورفت مشکل بنا رکھی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button