سرگودھا : نمازیوں پر خود کش حملہ سانحہ داتا دربار کا تسلسل ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے سرگودھا امام بارگاہ میں ہونے والے خود کش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقع سانحہ داتا دربار کا تسلسل ہے جبکہ صوبائی حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اس دہشت گرد گروہ کو کھل کر سپورٹ کررہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ سانحہ داتا دربارکے بعد سنی اتحاد کونسل کی طرف سے پیش کئے جانے والے مطالبات تاحال پورے نہیں ہوئے اور افسوس کا مقام تو یہ ہے کہ کل کسی اہم حکومتی شخصیت نے اس واقع کی مذمت تک نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ایجنسیاں دہشت گردی کے واقعات کی نشاندہی اور اس کی روک تھام کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہیںجبکہ حکومت دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کی بجائے صرف بیان بازی پر اکتفاء کررہی ہے۔ اجلا س میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی، مولاناشیخ اعجاز حسین بہشتی ، مولاناعابد حسین بہشتی، نثار فیضی ، اسلام آبا د کے آرگنائزر نوید شاہ اور دیگر اہم ممبران شامل تھے۔








