لبنان میں دسیوں تکفیری دہشت گرد گرفتار

لبنانی فوج نے شمال مشرقی لبنان میں النصرہ محاذ اور شام کی آزاد فوج کے دسیوں افراد کو گرفتار کیا ہے۔ المیادین ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق لبنانی فوج نے آج ایک آپریشن میں لبنان کے سرحدی علاقے عرسال ميں النصرہ محاذ اور شام کی آزاد فوج کے 43 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ ان افراد کو لبنان کے فوجی مراکز کے حوالے کردیا گيا ہے ۔ دوسری جانب لبنان کے شمال میں واقع طرابلس شہر میں سلفی وہابی مسلح دہشت گردوں اور عام شہریوں کے درمیان لڑائی میں مزید ایک شخص ہلاک ہوگیا ہے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 27 ہوگئی ہے جب کہ 170 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں اور طرابلس کی کشیدگی اب بیروت تک پھیل گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق طرابلس میں وہابی سرگرم افراد نے علویوں کی ایک گاڑی کو آگ لگا دی جس کے بعد لڑائی دوبارہ شروع ہوگئی ہے طرابلس میں ایک ہفتہ سے جاری لڑائی میں اب تک 27 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ادھر بیروت کے ورزشی شہر میں بھی جھڑپوں میں 7 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔








