لبنان کے صدر کی بیروت دہماکے کی مذمت

لبنان کے صدر نے بیروت میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر کو فون کرکے بیروت میں ایران کلچرل سینٹر کے قریب ہونے والے دھشتگردانہ دہماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ المیادین ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق لبنان کے صدر "میشل سلیمان” نے آج بیروت میں ایران کے سفیر "غضنفر رکن آبادی” کے ساتھ ٹیلی فونی گفتگو کرتے ہوئے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ ادھر لبنان کے وزیر داخلہ نے اس ملک کے دارالحکومت بیروت میں آج ہونے والے بم دہماکوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے لبنان میں دھشتگردی کی نابودی کے لئے جدوجہد پر تاکید کی ہے۔ لبنان کے وزیر داخلہ "نھاد المنشوق” نے بیروت میں ایران کے کلچرل سینٹر کی عمارت کے قریب ہونے والے بم دہماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لبنان کی حکومت دھشتگردی کے خاتمے کے لئے اپنی تمام تر توانائی کو بروئے کار لائے گی۔لبنان کی فریڈم پارٹی کے سربراہ "میشل عون” نے بھی بیروت بم دہماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔لبنان کے وزیراعظم "تمام سلام” نے بھی اپنے ایک بیان میں بیروت میں دھشتگردانہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ یادرہے کہ آج بیروت میں ایران کے کلچرل سینٹر اور ارنا کے دفتر اور ایران کے ریڈیو و ٹی وی کے ادارے آئی آر آئی بی کے دفتر کے قریب ہونے والے دھشتگردانہ بم دہماکوں میں آخری اطلاعات کے مطابق پانچ افراد شہید اور ایک سو بارہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔








