حزب اللہ لبنان کی فوجی مشقیں

لبنانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان نے بیروت کے جنوبی علاقے ضاحیہ میں یہ مشقیں کی ہیں جن میں دہشتگردوں کے بم دھماکوں اور تکفیری عناصر کے حملوں کا مقابلہ کرنے نیز متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائیوں کی مشقیں شامل ہیں۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں تکفیری عناصر نے، جنہیں سعودی عرب کی حمایت حاصل ہے، بیروت کے ضاحیہ علاقے میں کئي بم دھماکے کئے ہیں جن میں درجنوں افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔ تکفیریوں کا سرغنہ عمر الاطرش نے، جو اس وقت لبنانی فوج کی حراست میں ہے، حزب اللہ کےخلاف اور ضاحیہ کے علاقے میں دہشتگردانہ حملے کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ حزب اللہ لبنان نے کہا ہے کہ تکفیری دہشتگردوں سے مقابلہ کرنا قومی فریضہ ہے لہذا کسی ایک گروہ کی ذمہ داری نہیں ہے۔ حزب اللہ نے اپنی مشقوں کو کامیاب قراردیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ شام میں سعودی عرب کے حمایت یافتہ دہشتگردوں کو پے درپے شکست ہونے کے بعد سعودی عرب نے لبنان میں بدامنی پھیلانا شروع کردی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سعودی عرب دنیا کے مختلف ملکوں میں تکفیروں کی حمایت کرکے دہشتگردی پھیلارہا ہے۔








