حفاظ قرآن اپنی عظیم منزلت پہچانیں، علامہ مقبول حسین علوی

21 اکتوبر, 2026 09:32

شیعیت نیوز : محسن ملت (رہ) کے معتمد اور مرکز افکار اسلامی کے سربراہ حجۃ الاسلام علامہ مقبول حسین علوی نے حفاظ قرآن پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی عظیم منزلت کو پہچانیں، قرآنی تعلیمات کو حرز جاں بنائیں اور حفظ قرآن کی نعمت کے تقاضوں کو اپنی زندگیوں میں پورا کریں۔

یہ بھی پڑھیں : نہج البلاغہ کی تعلیمات کو مجالس تک محدود رکھنے کے بجائے عملی زندگی میں نافذ کیا جائے، سکردو کانفرنس کے مقررین

سکردو، بلتستان میں محسن ملت (رہ) کی یاد میں منعقدہ پہلی نہج البلاغہ کانفرنس کے معزز مہمانوں نے مدرسہ حفاظ القرآن سکردو کا دورہ کیا، جہاں ان کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ دورے میں علامہ مقبول حسین علوی کے علاوہ نامور خطیب ڈاکٹر پروفیسر عابد حسین، معروف عالم دین لیاقت علی اعوان اور دیگر مہمان شریک تھے۔

تقریب کا آغاز مدرسے کے طلبہ کی تلاوت کلام پاک اور تواشیح سے ہوا، جس کے بعد ادارے کے پرنسپل شیخ محمد الیاس قمی نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور مدرسے کے قرآنی مشن، دینی خدمات اور تعلیم و تربیت کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر پروفیسر عابد حسین نے اپنے خطاب میں آیات قرآنی اور احادیث معصومین علیہم السلام کی روشنی میں حاملان قرآن اور حفاظ کی فضیلت بیان کی اور قرآن کی تعلیمات کو عملی زندگی میں اپنانے پر زور دیا۔

علامہ مقبول حسین علوی نے حفاظ قرآن اور ان کے والدین کو اس سعادت پر مبارکباد پیش کی اور مدرسہ حفاظ القرآن کو محسن ملت (رہ) کی امیدوں کا مرکز قرار دیتے ہوئے اس قرآنی گلشن کی ترقی، کامیابی اور تسلسل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر دعائے امام زمانہ (عج) پڑھی گئی، جس کے بعد مہمانوں نے طلبہ سے انفرادی ملاقاتیں کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی۔

10:30 صبح اکتوبر 21, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔