صیہونی حکومت،حزب اللہ کی فوجی طاقت کا اعتراف

صیہونی حکومت کے جوائنٹ چیف آف آرمی اسٹاف بینی گینٹس نے حزب اللہ کی فوجی طاقت کا اعتراف کیا ہے۔ المنار ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے جوائنٹ چیف آف آرمی اسٹاف بینی گینٹس نے کہا ہے کہ حزب اللہ لبنان کے خلاف اگر کوئی جنگ ہوتی ہے تو اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ مقبوضہ فلسطین کے تمام علاقے حزب اللہ کی طاقتور میزائیلوں کی زد میں ہیں۔ اس سے قبل ایک اور اعلی صیہونی عہدیدار گلعاد اردان نے بھی حزب اللہ لبنان کی بڑھتی ہوئی فوجی طاقت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ حزب اللہ کے میزائیلوں کا صیہونی حکومت کے پاس کوئی توڑ نہیں ہے اور یہ ایسی صورت میں ہے کہ حزب اللہ لبنان، دو لاکھ میزائیلوں سے لیس ہے جو مقبوضہ فلسطین کے چّپے چّپے کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ سنہ دو ہزار چھے کی تینتیس روزہ جنگ میں صیہونی حکومت کو حزب اللہ لبنان سے ذّلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔








