ہندوستان ميں انتخابات منصفانہ ہورہے ہیں ۔ الیکش کمیشن

ہندوستان کے چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن منصفانہ انتخابات کرانے کی کوشش کر رہا ہے . وي ایس سمپتھ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ الیکشن کمیشن پر کئی سوال اٹھائے گئے ہیں لیکن ہم اپنا کام پوری ایمانداری اور محنت کے ساتھ کر رہے ہیں . انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے بارے میں کچھ سخت بیان دیا گیا ہے لیکن ہم یقین دلاتے ہیں کہ الیکشن کمیشن اپنے کام کو مکمل طور پر منصفانہ طریقے سے کر رہا ہے . چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہم اپنے فرض کی ادائیگی میں کسی سیاسی پارٹی یا ادارہ سے خوفزدہ نہیں ہیں . انہوں نے بنارس کے ضلع میجسٹریٹ کا دفاع کیا ۔ واضح رہے کہ وزارت عظمي کے لئے بي جے پي کے نامزد اميدوار نريندر مودي کو جمعرات کے روز بنارس ميں ايک انتخابي جلسے سے خطاب کرنا تھا ليکن شہري انتظاميہ نے بعض خدشات اور وجوہات کي بناپر انہيں جلسہ کرنے کي اجازت نہيں دي جس کے بعد بي جے پي کے کارکنوں ميں سخت اشتعال پيدا ہوگيا تھا ۔ بتايا جاتا ہے کہ بي جے پي کے مشتعل کارکنوں نے بنارس يونيورسٹي کے سامنے جمع ہوکر الیکشن کميشن کے خلاف نعرے لگائے ۔ اس موقع پر کسي بھي ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے بڑي تعداد ميں پوليس اہلکار تعينات تھے۔ نئي دہلي ميں بھي بي جے پي کے کارکن سڑکوں پر نکل آئے اور بنارس کي مقامي انتظاميہ کے اس فيصلے کي مذمت ميں نعرے لگائے۔








