سعودی چینلز دہشتگردی کی ترویج کر رہے ہیں

عراق کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ٹی وی چینلز العربیہ اور الحدث عراق میں دہشتگردی کی ترویج کر رہے ہیں۔ العراقیہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عراقی مسلح افواج کے ترجمان قاسم عطا نے آج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی چینلز کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ چینل عراق میں ایسے پروگرام نشر کر رہے ہیں جس سے دہشتگردی کی ترویج ہو رہی ہے اور یہ چینلز مختلف حربوں سے عام شہریوں کو دہشتگردی پر اکسا رہے ہیں۔ عراقی فوج کے ترجمان نے دہشتگردوں کے خلاف عراقی فوج کی کامیابیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ داعش کے دہشتگردوں کو بابل صوبے کے شمالی حصوں سے نکال دیا گیا ہے اور فوج اور قبائلی جنگجووں نے تکریت کے علاقے حدثیہ پر داعش اور بعثی دہشتگردوں کے حملوں کا ناکام بنا دیا۔ عراقی فوج کے ترجمان نے داعش کے ایک سرکردہ دہشتگرد ابو عمر کی ہلاکت کی خبر بھی دی ہے۔ابو عمر مسلح گروہوں کو جدید ہتھیاروں سے مسلح کرنے کا انچارج تھا اور اسے الانبار کے علاقے الکرمہ میں ہلاک کیا گیا ہے۔ عراقی فوج کے ترجمان قاسم عطا کے مطابق الکرمہ کو دہشتگردوں سے مکمل طور پر پاک کرنے تک اس علاقے میں فوجی آپریشن جاری رہے گا۔








