سعودی عرب

سعودی ولی عہد دوم شہزادہ مقرن بن عبدالعزیز نے حلف اٹھا لیا

abdulazizسعودی عرب کے شاہی خاندان کے ارکان، وزراء، مذہبی شخصیات، دانشوروں اور عام شہریوں نے حال ہی میں مقرر ولی عہد دوم شہزادہ مقرن بن عبدالعزیز سے اظہار وفاداری کرتے ہوئے ان کی بیعت کر لی ہے اور انھیں نئے منصب پر فائز ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے۔ حلف برداری کی تقریب سعودی دارالحکومت ریاض میں شاہی محل میں منعقد ہوئی ہے، جس میں زندگی کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والی سرکردہ شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس میں شہزادہ مقرن بن عبدالعزیز نے حلف لیا اور سعودی ارباب اقتدار وسیاست اور علم ودانش نے ان سے بیعت کے ذریعے اظہار وفاداری کیا۔ سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے جمعرات کو ایک شاہی فرمان جاری کیا تھا، جس کے تحت شہزادہ مقرن کو موجودہ ولی عہد شہزادہ سلمان کا جانشین مقرر کیا گیا ہے اور وہ یہ منصب خالی ہونے کی صورت میں سعودی عرب کے آئندہ ولی عہد ہوں گے۔ سعودی عرب کے سرکاری ٹیلی ویژن سے نشر ہونے والے بیان کے مطابق شہزادہ مقرن کرسی خالی ہونے کی صورت میں ملک کے بادشاہ بھی بن سکتے ہیں۔

العربیہ نیوز چینل سے نشر ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ ”شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے شہزادہ مقرن کو بادشاہ اور ولی عہد کے عہدے خالی ہونے کی صورت میں سعودی مملکت کا بادشاہ مقرر کر دیا ہے۔ ریاض میں جاری کردہ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس شاہی فرمان کو کسی بھی طریقے سے کوئی بھی شخص کسی بھی وجہ یا تشریح کی بنا پر تبدیل نہیں کرسکتا ہے۔ اس میں مزید واضح کیا گیا تھا کہ شہزادہ مقرن اپنے موجودہ منصب نائب وزیراعظم کی حیثیت سے کام کرتے رہیں گے۔ شہزادہ مقرن شاہ عبدالعزیز آل سعود کے چھوٹے بیٹے ہیں اور وہ 1945ء میں پیدا ہوئے تھے اور ان کی عمر قریباً ستر سال ہے۔ قبل ازیں وہ مختلف عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ وہ 1980ء سے 1999ء تک صوبہ حائل کے گورنر رہے تھے اور بعد میں انھیں مدینہ منورہ کا گورنر مقرر کیا گیا تھا۔

انھوں نے ابتدائی تعلیم دارالحکومت ریاض میں حاصل کی تھی اور 1964ء میں سعودی عرب کی شاہی فضائیہ میں شمولیت اختیار کی تھی۔ انھوں نے برطانیہ سے ہوا بازی (ائیرو ناٹیکس) میں 1968ء میں گریجوایشن کی ڈگری حاصل کی تھی اور وہ 1980ء تک سعودی فضائیہ میں خدمات انجام دیتے رہے تھے۔ انھیں گذشتہ سال سعودی عرب کا نائب وزیراعظم مقرر کیا گیا تھا۔ اس سے قبل وہ سعودی عرب کے سراغ رساں ادارے کے سربراہ تھے۔ وہ اکتوبر 2005ء سے جولائی 2012ء تک اس منصب پر فائز رہے تھے۔ شاہ عبداللہ نے 20 جولائی 2012ء ان کی جگہ شہزادہ بندر بن سلطان کو انٹیلی جنس چیف مقرر کیا تھا اور شہزادہ مقرن کو اپنا مشیر اور خصوصی ایلچی مقرر کر دیا تھا، لیکن بعد میں انھیں نائب وزیراعظم کے منصب پر فائز کر دیا گیا تھا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button