سعودی عرب میں حکمراں خاندان آل سعود نے شہزادہ مقرن کو نائب ولی عہد مقرر کر دیا
سعودی عرب میں حکومت پر اپنی گرفت مضبوط رکھنے کے لیے آمر حکمراں خاندان آل سعود کے شاہ عبداللہ نے ملک کے سابق انٹیلی جنس چیف شہزادہ مقرن بن عبدالعزیز کو نائب ولی عہد مقرر کیا ہے۔ سعودی عرب کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق ملک کی شاہی عدالت کی جانب سے جمعرات کو جاری کیے جانے والے ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ شہزادہ مقرن ولی عہد کا عہدہ خالی ہونے پر ولی عہد اور بادشاہ اور ولی عہد کے عہدے بیک وقت خالی ہونے پر ازخود بادشاہ ہوجائیں گے۔ خیال رہے کہ شاہ عبداللہ نے گزشتہ برس اپنی 90 ویں سالگرہ منائی ہے جب کہ ان کے ولی عہد شہزادہ سلمان کی عمر 78 برس ہے تو شہزادہ مقرن کی عمر 70 برس ہے۔ ستر سالہ شہزادہ مقرن سعودی عرب میں آمریت کے بانی عبدالعزیز السعود کے سب سے چھوٹے صاحبزادے ہیں اور گزشتہ ایک برس سے نائب وزیراعظم کا عہدہ سنبھال رہے ہیں۔ سعودی عرب کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ نائب ولی عہد کا تقرر کیا گیا ہے۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق شہزادہ سلمان اور شاہی خاندان میں نامزدگیوں کی نگران کونسل نے شہزادہ مقرن کو نائب ولی عہد مقرر کرنے کے فیصلے کی توثیق کردی ہے، جس کامطلب ہے کہ شاہ عبداللہ کی وفات کی صورت میں وہ خود بخود شہزادہ سلمان کے ولی عہد بن جائیں گے۔ وہ سعودی انٹیلی جنس کے سربراہ رہنے کے علاوہ مدینہ اور شمال مغربی صوبے حائل کے گورنر اور شاہ عبداللہ کے خصوصی مشیر بھی رہ چکے ہیں۔