پنجاب یونیورسٹی میں جمعیت کی غنڈہ گردی کا سخت نوٹس لیا جائے گا، رانا ثناء اللہ

وزیر قانون پنجاب نے آئی ایس او کے رہنماؤں سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کسی کی جاگیر نہیں کہ وہاں قبضہ گروپس قابض ہو کر اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں اور پر امن تعلیمی ماحول خراب کریں۔رانا ثناء اللہ نے تاحال جمعیت کے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے پر اظہار افسوس کیا اور ٹیلی فون پر سی سی پی او لاہور احمد رضا طاہر کو ہدایت کی کہ وہ آئی ایس او کے رہنماؤں کا موقف سنیں اور ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں رپورٹ دیں۔ رانا ثناء اللہ نے سی سی پی او کو یہ بھی ہدایت کی کہ پنجاب یونیورسٹی کسی کی جاگیر نہیں کہ وہاں قبضہ گروپس قابض ہو کر اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں اور پرامن تعلیمی ماحول خراب کریں۔ انہوں نے سی سی پی او کو یہ بھی کہا کہ وہ وائس چانسلر سے ملاقات کریں اور یونیورسٹی میں ہونے والی زیادتی کے حوالے سے متاثرہ طلبہ کی داد رسی کریں۔ وزیر قانون پنجاب سے ملاقات کرنے والے طلبہ میں عابد حسین،ناصر عباس، حسن کاظمی، افسر رضا خان اور سید اسد عباس نقوی شامل تھے۔







