مشرق وسطی

شام اسرائیلی جارحیت کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، بشار الاسد

bashar al asadشام کے صدر بشار الاسد نے اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے دمشق کے اطراف میں تین مقامات پر ہونے والے جارحانہ حملوں کے بعد اپنے پہلے ردعمل میں کہا ہے کہ ان کا ملک اسرائیلی جارحیت کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ ایرانی خبر رساں ادارے فارس نیوز نے ایسویسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے خبر دی ہے کہ چند روز پہلے شام پر اسرائیلی حملوں کی بعد شام کے صدر بشار الاسد نے پہلی مرتبہ اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ دمشق اسرائیل کے جارحانہ اقدامات کا جواب دینے کی پوری قدرت اور طاقت رکھتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار شام کے صدر بشار الاسد نے دمشق میں ایرانی وزیر خارجہ علی اکبر صالحی کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے بعد کیا ہے۔ شامی صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل شام میں سرگرم عمل دہشتگردوں کی حمایت اور پشتیبانی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی موجودہ جارحیت نے غاصب اسرائیل، خطے کے چند ممالک اور مغربی طاقتوں کے گٹھ جوڑ کو اور زیادہ عیاں کر دیا ہے۔ بشار الاسد کا مزید کہنا تھا کہ شامی عوام اور انکی ہر دلعزیز فوجیں اس بات پر قادر ہیں کہ اس اسرائیلی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیں جو کہ شام میں ہر روز ہونے والی دہشت گردی کا حصہ ہیں۔
یاد رہے کہ اتوار کی صبح شام کے دارالحکومت دمشق کے اطراف میں یکے بعد دیگرے کئی دھماکے سنے گئے تھے، بعد میں اس بات کی تصدیق ہوئی کہ یہ دھماکے اسرائیلی حملوں کی وجہ سے ہوئے ہیں۔ اسرائیل کے ان حملوں میں دمشق کے نزدیک ایک علمی تحقیقاتی مرکز کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں اس مرکز میں ہونے والے نقصان کے ساتھ ساتھ کئی افراد جاں بحق ہوگئے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button