مشرق وسطی میں امریکہ کاکردار تخریبی ہے

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان رامین مہمان پرست نے کہا ہے کہ مشرق وسطی کے حالات سے متعلق امریکہ کا کردار تخریبی ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق رامین مہمان پرست نے آج ملکی اور غیر ملکی نامہ نگاروں کی پریس کانفرنس کے دوران شام میں نوفلائی زون قائم کرنے پر مبنی امریکہ کی تجویز کے بارے میں کہا کہ امریکہ عراق، افغانستان ، لیبیا اور دوسرے ممالک میں قتل و غارت کرنے اور تباہی مچانےکے بعد اب شام میں بھی یہی کچھ کرنا چاہتاہے اور اس کی کوشش ہےکہ وہ شام کے عوام اور خطے کے مسلمان لوگوں کا زیادہ وسیع پیمانے پر قتل عام کرے۔ امریکی حکام اپنے اتحادیوں کے ہمراہ زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے درپے ہیں۔
وزارت خارجہ کےترجمان نے شام کی سرزمین میں منافقین کے دہشتگرد گروہ ایم کےاو کے عناصر کی موجودگی اور سرگرمی کے بارے میں بھی کہا کہ شام میں جو فساد برپا کیا جارہا ہے اس کی ماہیت امریکی اور صیہونی ہے۔ اور اپنے مقاصد کے حصول کے لۓ دہشتگردانہ کارروائیوں اور گروہوں کو استعمال کرنے سے اس بات کی عکاسی ہوتی ہے کہ ان کارروائیوں کے پس پردہ صیہونی ہیں اور صیہونیوں کے ساتھ اس گروہ کے تعلقات کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں۔
رامین مہمان پرست نے تہران میں چھبیس سے اکتیس اگست تک بلائے جانے والے ناوابستہ ممالک کے اجلاس میں ممالک کی شرکت کی سطح کے بارے میں کہا کہ تہران میں ہونے والے اس سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے والے دو تہائی وفود کا تعین ہوچکا ہے اور ناوابستہ ممالک اس میں بھرانداز میں شرکت کریں گے۔







