مشرق وسطی

بحرین میں سعودی فوج کی آمد، اس ملک پر غاصبانہ قبضہ

saeed_al_sabeehبحرین میں حکومت کے خلاف عوام کے پرامن مظاہرے بدستور جاری ہیں اطلاعات ہیں بحرین کی سیکورٹی فورسز نے جن کو سعودی عرب اور خلیج فارس کی بعض دیگر حکومتوں کی فوجوں کی حمایت حاصل ہوگئی ہے ملک کے کئی قصبوں میں حملہ کرکے سیکڑوں عام شہریوں کو زخمی کردیا ہے ۔ سیکورٹی فورسز نے ان حملوں میں عام شہریوں پر براہ راست گولیاں چلائی ہيں جبکہ چاقوؤں اور ڈنڈوں سے بھی ان پرحملہ کیا گیا ہے ۔ اس سے پہلے اتوار کو ہونےوالے حملوں میں ہزاروں کی تعداد میں بحرینی عوام زخمی ہوگئے تھے جن میں سیکڑوں زخمیوں کی حالت ابھی بھی تشویشناک بنی ہوئی ہے ۔ تازہ ترین حملوں میں زخمی ہونے والوں کو اسپتال پہنچادیا گیا ہے ۔ منامہ کے السلمانیہ اسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پانچ سوزخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں بہت سے زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ دوسری طرف بحرین کے عوام نے اپنے ملک میں سعودی عرب کی فوج کی آمد کو اس ملک پر سعودی عرب کا غاصبانہ قبضہ قراردیا ہے ۔ بحرین کے عوامی لیڈروں کا کہنا ہے کہ ہم سعودی فوج کی بحرین آمد کی مذمت کرتے ہيں ان لیڈروں کا کہنا ہے کہ اس طرح سے بحرینی عوام کے عزم و ارادوں کو کمزور نہيں کیا جاسکتا اور ہم اپنی تحریک جاری رکھیں گے بحرین کی پارلیمنٹ سے مستعفی ہونے والے الوفاق دھڑے کے رکن سید ہادی موسوی نے کہا کہ سعودی عرب کی فوج بحرینی عوام کے مظاہروں کو کچلنے کے لئے بھیجی گئی ہيں لیکن بحرین کے عوام اپنے برحق مطالبات سے دستبردار نہيں ہوں گے اور وہ اس کے لئے اپنی جان و مال سب قربان کرنے کو تیار ہيں بحرینی عوام کے لیڈروں نے سعودی عرب کی حکومت کے اس دعوے کو مضحکہ خیز قراردیا کہ اس نے اپنے فوجی بحرین کی تیل کی تنصیبات کی حفاظت کے لئے بھیجے ہیں ۔ بحرینی لیڈروں کا کہنا ہے کہ عوام کا مظاہرہ پرامن ہے اور تیل کی تنصیبات کو کسی بھی طرح کا کوئی خطرہ لاحق نہيں ہے ۔ بحرین کی سیاسی جماعتوں نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل سے درخواست کی ہے کہ وہ بحرینی عوام کی مدد کے لئے بین الاقوامی امن محافظ فوج روانہ کریں دریں اثناء یہ بھی اطلاعات ہیں کہ متحدہ عرب امارات کی فوجیں بھی بحرینی عوام کے مظاہروں کو کچلنے کے لئے بحرین پہنچ گئی ہيں ۔ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ خلیج فارس کی دیگر عرب ریاستوں کی فوجیں بھی بحرین پہنچنے والی ہیں یاد رہے بحرین کے عوام نے گذشتہ چودہ فروری سے حکومت کے خلاف اپنے مظاہروں کا آغاز کیا ہے اور سیکورٹی فورسز کے حملوں میں اب تک بہت سے افراد شہید اور زخمی ہوچکے ہيں ۔ بحرین کے پرامن مظاہرین پر سیکورٹی فورسز کے حملوں میں شدت اور دیگر ملکوں کی فوجی مداخلت کا یہ عمل اس وقت شروع ہوا جب امریکی وزیر جنگ رابرٹ گیٹس نے بحرین کا دورہ انجام دیا ۔

متعلقہ مضامین

Back to top button