عراق میں دسیوں دہشتگرد ہلاک

عراق کی سیکورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کر کے دسیوں دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ ذرائع کے مطابق عراق کے صوبۂ الانبار میں عراقی سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں تیئیس دہشتگرد ہلاک ہوئے ہیں۔ عراقی پولیس نے الرمادی کے جنوب میں واقع الحمیرا علاقے پر حملہ کر کے اس علاقے کو دہشتگردوں سے آزاد کرا لیا۔ اس آپریشن کے دوران اکیس دہشتگرد ہلاک ہوئے اور سولہ دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا گیاجبکہ اس کاروائی کے دوران دو فوجی بھی جاں بحق ہوئے۔دریں اثناء ایک دہشتگرد نے بغداد کے شمال میں ایک فوجی چھاؤنی کے قریب خود کش بم دھماکہ کیا جس کے نتیجے میں کم از کم چار فوجی جاں بحق اور چھ زخمی ہوگۓ۔ دار الحکومت بغداد میں بھی ایک بم دھماکے میں دو افراد مارے گئے۔صوبے دیالہ میں بھی عراق کی سیکیورٹی فورسیز اور داعش دہشتگرد گروہ کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔موصل میں بھی داعش دہشتگرد گروہ کے کئی افراد ہلاک ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ عراقی ذرائع کا کہنا ہے کہ عراق میں رواں اپریل کے مہینے کے دوران اب تک چار سو سے زیادہ افراد تشدد کے نتیجے میں مارے جا چکے ہیں۔








