عراق کی نئی کابینہ کی ترجیحات

24 دسمبر, 2010 13:22

Nouri_al-Malikiعراقی وزیر اعظم نوری مالکی نے پارلیمنٹ سے اپنی کابینہ کے لۓ اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے بعد پہلی حکومت سے زیادہ طاقتور حکومت کی تشکیل پر تاکید کی ہے۔ نوری مالکی نے کہا ہے کہ میں اراکین پارلمینٹ سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ عراقی عوام کی زیادہ سے زیادہ خدمت کے لۓ نئي حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔ نوری مالکی نے عراق کی نئي حکومت کے منصوبوں کی وضاحت کرتے ہوۓ آئين کی برقراری ، اس پر عمل درآمد اور اس کی بالادستی کو نئی حکومت کی ترجیح قرار دیا۔عراقی وزیر اعظم نے داخلی سطح پر سیاسی استحکام ، قومی فیصلوں میں تمام سیاسی اور عوامی پارٹیوں  کی وسیع شرکت کا راستہ ہموار کرنے نیز عراق کے سیاسی نظام میں حکومت کے استحکام کو اپنی ترجیحات میں سے شمار کیا ۔ جبکہ خارجی سطح پر ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کی برقراری ، پر امن بقاۓ باہمی اور دوسرے ممالک کے امور میں مداخلت نہ کرنے کو اپنی نئي کابینہ کی ترجیحات بتایا۔ دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ معقول اور منطقی تعلقات کی برقراری ان امور میں شامل ہے نوری مالکی جن پر عمل درآمد کے خواہاں ہیں۔ البتہ ان امور سے صرف نظر کرتے ہوۓ جن کو نوری مالکی نے اپنی کابینہ کی ترجیحات قرار دیا ہے ، یہ چيز اہمیت کی حامل نظر آتی ہےکہ عراقی وزیر اعظم اس سلسلے میں پر عزم دکھائي دیتے ہیں کہ آئندہ حکومت چار برسوں کے دوران عملی طور پر عراق کی تمام اقوام اور گروہوں کے اتحاد کی علامت ہو۔ نئي کابینہ میں چونکہ عراق کی تمام سیاسی جماعتوں اور گروہوں کے نمائندے شامل ہیں اس لۓ نوری مالکی یہ امید رکھتے ہیں کہ نئي حکومت کسی مشکل کے بغیر سیاسی عمل کو آگے بڑھانے میں کامیاب ہوجاۓ گی۔ اس وقت عراق کی سیاسی ، اقتصادی اور سماجی ترقی اس ملک کی ایک قومی ترجیح مانی جارہی ہے ۔ عراقی عوام کی نظریں نئي کابینہ پر مرکوز ہوچکی ہیں۔ عراقی عوام یہ توقع کررہے ہیں کہ نوری مالکی اپنے وعدوں پر عمل کرکے نۓ عراق کا مقام پہلے سے زیادہ بلند کرنے کی کوشش کریں گے۔ خاص طور پر اس بات کے پیش نظر کہ سنہ دو ہزار گیارہ عراق میں امریکی فوجیوں کی موجودگي کا آخری سال ہے ۔ اس لۓ یہ توقع کی جارہی ہے کہ عراق میں نۓ عیسوی سال کے دوران مثبت تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی۔ جن کا نتیجہ عراق کی خود مختاری ، اقتصادی ترقی نیز ایک طاقتور حکومت کے زیر سایہ قیام امن کی صورت میں برآمد ہوگا۔

12:17 شام مارچ 17, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔