ایران کا سرحدی محافظوں کی رہائی کیلئے مشترکہ آپریشن کی پاکستانی پیشکش کا خیرمقدم

01 اپریل, 2014 08:11

hasan ali amiriاسلامی جمہوری ایران نے پاکستان کی جانب سے ایران کے سرحدی محافظوں کی رہائی کے لیے مشترکہ آپریشن کی پیش کش کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ایران کے اغوا شدہ سکیورٹی اہلکاروں کو جلد ہی رہا کرالیا جائیگا۔ اتوار کو ایرانی خبررساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے ایران کے سیکرٹری داخلہ حسین علی امیری نے کہا کہ انتہائی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ایران کے اغوا شدہ سکیورٹی اہلکاروں کو جلد ہی رہا کرالیا جائیگا۔ انہوں نے جیش العدل نامی دہشتگرد گروہ کے ہاتھوں اغوا ہونے والے ایران کے سرحدی سکیورٹی فورس کے پانچ اہلکاروں کے بارے میں کہا کہ ان سکیورٹی اہلکاروں کو رہا کرانے کیلئے ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی، پولیس فورس، وزارت انٹیلی جنس اور وزارت خارجہ کی جانب سے مسلسل کوششیں جاری ہیں اور امید کی جاتی ہے کہ ان اہلکاروں کو جلد ہی رہا کرالیا جائیگا۔

ادھر اسلامی جمہوری ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی و خارجہ پالیسی کمیشن کے ترجمان حسین نقوی حسینی نے کہا ہے کہ حتمی طور پر دہشتگردوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے، تاکہ وہ تخریب کارانہ کارروائیوں کی جرآت نہ کرسکیں۔ حسین نقوی حسینی نے ارنا کے ساتھ گفتگو میں اغواء ہونے والے ایرانی سرحدی محافظوں کے بارے میں تاکید کی کہ حکومت پاکستان، اغواء ہونے والے ایرانی سرحدی محافظوں کی جانوں کی ذمہ دار ہے۔ ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی و خارجہ پالیسی کمیشن کے ترجمان نے اغواء کی اس واردات پر نہایت ہی افسوس کا اظہار اور ہمسایہ ملک میں دہشتگرد گروہوں کی تربیت اور ان کو مسلح کئے جانے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان کی حکومت یہ اعلان کرے کہ اغواء ہونے والے ایرانی باڈرز سکیورٹی اہل کار پاکستان کی سرزمین میں نہیں ہیں تو یہ بڑی غلطی ہوگی، کیونکہ سرحدی محافظوں اور دہشتگردوں کی پاکستان میں موجودگی پر مبنی ٹھوس اطلاعات و معلومات موجود ہیں۔

7:46 شام اپریل 6, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔