آبنائے ہرمز بند ہے، خلاف ورزی کرنے والا ٹینکر بارودی سرنگ سے ٹکرا کر جل اٹھا، سپاہ پاسداران کی بحریہ
شیعیت نیوز : سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں غیر مجاز راستے سے گزرنے کی کوشش کرنے والا 20 لاکھ بیرل سے زائد خام تیل سے لدا ایک خلاف ورزی کرنے والا سپر ٹینکر بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں اس میں زوردار دھماکہ ہوا اور شدید آگ بھڑک اٹھی۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی قوم کے حقوق پامال ہوئے تو آبنائے ہرمز میں پابندیاں جاری رہیں گی، جنرل امیر حاتمی
سپاہ پاسداران کی بحریہ کے بیان کے مطابق اس ٹینکر نے دھوکہ دہی کے ذریعے آبنائے سے گزرنے کے لیے اپنا تمام پوزیشننگ اور ریڈار نظام بند کر رکھا تھا اور وہ ’’امریکہ کی اسمگلر اور دہشت گرد فوج‘‘ کی پشت پناہی میں ایرانی ضوابط کو پامال کرتے ہوئے گزرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
بیان میں دوٹوک الفاظ میں کہا گیا کہ ’’آبنائے ہرمز بند ہے‘‘، اور خبردار کیا گیا کہ اس آبی گزرگاہ سے متعلق ایرانی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے جہازوں کا انجام ’’امریکہ کی دہشت گرد فوج پر بھروسے کی آگ میں جلنا‘‘ ہے۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت مئی کے بعد پہلی بار 110 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی اور امریکی خام تیل بھی ستمبر کے بعد پہلی بار 100 ڈالر سے اوپر بند ہوا۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تیل کی قیمتوں میں یہ مسلسل اضافہ رواں برس فروری کے آخر میں ایران کے خلاف امریکی صیہونی جارحیت اور اس کے بعد آبنائے ہرمز کی بندش سے شروع ہوا تھا۔







