رہبر معظم انقلاب کا پیغام: عالمی استکبار دوا و علاج پر پابندیوں کے ذریعے ایرانی قوم کو اذیت دینا چاہتا ہے
شیعیت نیوز : رہبر معظم انقلاب آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای نے ولادت باسعادت حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا اور یوم نرس کی مناسبت سے جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عالمی استکبار کا خبیث نیٹ ورک آزاد اور مزاحمت کرنے والی قوموں بالخصوص ایرانی قوم پر ہر قسم کا ظلم و جرم ڈھانے سے دریغ نہیں کرتا اور علاج و دوا سے متعلق پابندیوں کے ذریعے عظیم ایرانی قوم کو اذیت میں مبتلا کرنا چاہتا ہے۔
رہبر معظم انقلاب نے کہا کہ حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی زندگی بالخصوص واقعہ عاشورا میں ان کا کردار مظلوموں سے بے پناہ ہمدردی اور صبر و استقامت و شجاعت کی اعلیٰ ترین علامت ہے، اور اسلامی تحریک و انقلاب کی تاریخ ابتدا ہی سے ایرانی خواتین اور بیٹیوں کی زینبی موجودگی کے مناظر سے بھری ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تیسرے مقدس دفاع کے دوران قوم کے بے مثال قیام میں یہ موجودگی حیرت انگیز سطح تک پہنچ گئی، اور آج اسلامی ایران کی زینبی خواتین شہروں اور دیہاتوں کے میدانوں میں بھرپور موجودگی کے ذریعے سخت جنگ کے محاذ کے پیچھے عملی تبیین اور مزاحمت میں پیش پیش ہیں، یہاں تک کہ اس قوم کے لیے ہمیشہ رنج و ستم چاہنے والے وقت کے طاغوت اس عظیم لشکر کے مقابلے کی تاب نہیں رکھتے۔
یہ بھی پڑھیں : ولادت حضرت زینب (س) اور یومِ نرسنگ، آیت اللہ اعرافی کا نرسوں کی عظیم خدمات کو خراجِ تحسین
آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای نے نرسوں کو رحمت کا فرشتہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نرسوں پر توجہ، نرسنگ کے شعبے کی تقویت اور نرسوں کے علم، مہارت، توانائی، حوصلے اور وقار کا تحفظ بالخصوص غیر نجی اداروں میں خدمات انجام دینے والوں کا، معاشرے کی جسمانی و روحانی صحت و سلامتی پر گہرا اثر رکھتا ہے، لہٰذا صحت کے شعبے کے ذمہ داران ان امور کو اولین ترجیح دیں۔
رہبر معظم انقلاب نے آخر میں دوسری اور تیسری مسلط کردہ جنگوں اور دی ماہ 1404 کے فتنے میں شہید ہونے والی نرسوں کے لیے رحمت الٰہی کی دعا کی اور امید ظاہر کی کہ امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی دعا سے خداوند متعال ایرانی قوم کو مزید عزت و اقتدار عطا فرمائے گا۔







