امریکی فوج پر بھروسہ کرنے والا دوسرا سپر ٹینکر بھی بارودی سرنگ سے ٹکرا کر جل اٹھا، بحریہ سپاہ پاسداران
شیعیت نیوز : سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ نے اعلان کیا ہے کہ ہفتے کی صبح آبنائے ہرمز میں قوانین کی خلاف ورزی کرنے والا ایک اور سپر ٹینکر بحری بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد شدید آگ کی لپیٹ میں آ گیا۔
سپاہ پاسداران کی بحریہ کے شعبہ تعلقات عامہ کے بیان کے مطابق یہ سپر ٹینکر امریکی فوج کی رہنمائی میں اپنی پوزیشننگ اور ریڈار کے تمام نظام بند کر کے غیر مجاز راستے سے گزرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ بیان میں کہا گیا کہ جارح امریکی فوج نے اس ٹینکر کو دھوکہ دے کر غیر قانونی گزرگاہ اختیار کرنے پر آمادہ کیا، تاہم بارودی سرنگ سے ٹکراتے ہی اس کے انجن روم میں زوردار دھماکہ ہوا اور قانون شکن جہاز مکمل طور پر رک گیا۔
یہ بھی پڑھیں : آبنائے ہرمز بند ہے، خلاف ورزی کرنے والا ٹینکر بارودی سرنگ سے ٹکرا کر جل اٹھا، سپاہ پاسداران کی بحریہ
یہ اعلان جمعہ کی شام پیش آنے والے اسی نوعیت کے واقعے کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں سپاہ پاسداران کی بحریہ کے مطابق 20 لاکھ بیرل سے زائد خام تیل لے جانے والے ایک سپر ٹینکر نے بھی پوزیشننگ اور ریڈار کے نظام بند کر کے غیر مجاز راستے سے آبنائے ہرمز عبور کرنے کی کوشش کی تھی اور بارودی سرنگ سے ٹکرا کر آگ کی لپیٹ میں آ گیا تھا۔
سپاہ پاسداران کی بحریہ واضح کر چکی ہے کہ آبنائے ہرمز بند ہے اور اس اسٹریٹیجک آبی گزرگاہ سے متعلق ایرانی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے جہاز ’’امریکی دہشت گرد فوج پر بھروسے کی آگ میں جلیں گے‘‘۔ دوسری جانب ایرانی فوج کی بحریہ نے بھی کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں نشانہ بننے اور نقصان اٹھانے والے جہازوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔







