صدر مملکت کی ایٹمی اسلحہ ترک کرنے کی تجاویز ارسال

اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے کہا ہے کہ ایٹمی اسلحہ ترک کرنے کے بارے میں صدر مملکت کی پیش کردہ تجویزوں کو قرارداد کو مسودے میں شامل کرلیا گيا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی سربراہی نشست سے خطاب میں یہ تجویزیں پیش کی تھیں۔ ایرانی سفیر محمد خزاعی نےجمعرات کو جنرل اسمبلی میں ترک اسلحہ اور عالمی امن کمیٹی کی سالانہ نشست میں ناوابستہ تحریک کے رکن ملکوں کی نمائندگي میں کہا کہ ناواسبتہ تحریک کی کمیٹی نے اسلامی جمہوریہ ایران کےصدر جناب ڈاکٹر حسن روحانی کی تین تجویزوں کو مسودہ قرارداد کے طور پر مرتب کرکے ترک اسلحہ کمیٹی بھیج دیا ہے۔ محمد خزاعی نے کہا کہ یہ مسودہ قرارداد دنیا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے کے لئے ایک مناسب نقشہ راہ اور ایٹمی ترک اسلحہ کی حمایت میں ایک گرانقدر اور کامیاب راستہ ہے۔ انہوں نے تمام ملکوں سے اس مسودہ قرارداد کی حمایت کرنے کی درخواست کی اور کہاکہ ان تجویزوں کی منظوری سے دنیا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے کی عالمی کوششوں کو تقویت پہنچے گي۔ اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے ایٹمی ہتھیاروں کے مالک ملکوں کی جانب سے ایٹمی ہتھیاروں کو نابود کرنے کی ذمہ داریوں پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایٹمی ملکوں کو اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرتے ہوئے ایٹمی ہتھیاروں کی جدید کاری یا انہیں دیگر ملکوں میں نصب کرے سے دستبردار ہوجانا چاہیے۔ محمد خزاعی نے کہا کہ ناوابستہ تحریک مشرق وسطی کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے پر زور دیتی ہے۔ انہوں نے صیہونی حکومت کے ایٹمی ہتھیاروں کی نابودی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت کو این پی ٹی معاہدے میں فوری طور پر شامل ہوجانا چاہیے اور اپنی ایٹمی تنصیبات پر آئي اے ای اے کی نگرانی شروع کروادینی چاہیے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کچھ دنوں قبل اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سربراہی اجلاس سے خطاب میں یہ تجویزیں پیش کی تھیں کہ ایٹمی ہتھیاروں کے حصول، تیاری، نگہداشت اور ان سے استفادہ کرنے پر پابندی لگانے اور ایٹمی ہتھیاروں کی نابودی کے انتظامات کرنےکےلئے کنونشنوں کی تدوین کی غرض سے فوری طور پر مذاکرات کا آغاز کیا جائے، دوہزار اٹھارہ میں ایٹمی ترک اسلحہ کی عالمی کانفرنس کرائي جائے، اور چھبیس ستمبر کو ایٹمی ہتھیاروں کی نابودی کا عالمی دن قراردیا جائے۔








