

تہران کی مرکزی نماز جمعہ کے خطیب آيت اللہ محمد امامی کاشانی نے یوم القدس کے جلوسوں میں دنیا بھر کے مسلمانوں کی بھر پور شرکت کی ضرورت پر زور دیا ہے
آج تہران کی مرکزی نماز جمعہ آيت اللہ محمد امامی کاشانی کی امامت میں ادا کی گئی ۔ آیت اللہ محمد امامی کاشانی نے نماز جمعہ کے خطبوں میں رمضان المبارک کا آخری جمعہ نزدیک آنے کی جانب اشارہ کیا اور ایران اور اسلامی ممالک کے تمام لوگوں سے کہا کہ وہ یوم القدس کے جلوسوں
میں بھر پور انداز میں شرکت کریں ۔ خطیب نماز جمعہ تہران نے یوم القدس کے جلوسوں میں دنیا بھر کے مسلمانوں اور آزاد لوگوں کی وسیع شرکت اور اس دن سامراج اور صیہونیوں کے خلاف لگاۓ جانے والے ان کے نعروں کو فلسطین کی مظلوم ملت کے موقف کے استحکام کا باعث قرار دیا اور کہا کہ ان جلوسوں میں بھر پور انداز میں شرکت کی وجہ سے دشمن اپنے مذموم عزائم حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔ واضح رہے کہ بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رح نے سن انیس سو اناسی میں رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس کا نام دیا تھا ۔ اسلامی جمہوریہ ایران اور دوسرے اسلامی ممالک میں ہر سال اس دن نماز جمعہ کے بعد اسرائيل کے قبضے کے خلاف جلوس نکالے جاتے ہیں۔ خطیب نماز جمعہ تہران نے دفاعی اور سائنسی شعبوں میں اسلامی جمہوریہ ایران کی کامیابوں کا ذکر کیا اور بو شہر ایٹمی بجلی گھر میں ایٹمی ایندھن انجیکٹ کۓ جانے کو ایک بڑی کامیابی سے تعبیر کیا اور کہا کہ یہ تمام کام ملکی ترقی کے لۓ ہیں۔ آیت اللہ کاشانی نے ایران کی سائنسی ترقی اور ملک میں موجوذ ذخائر پر اپنی مسرت کا اظہار کرتے ہوۓ اسلامی جمہوریہ ایران کی روز افزوں ترقی کی ضرورت پر زور دیا ۔ آیت اللہ محمد امامی کاشانی نے نماز جمعہ کے خطبوں میں پاکستان میں آنے والے سیلاب کی جانب اشارہ کیا اور اس سیلاب میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوۓ پاکستان میں سیلاب سے متاثر ہونے والوں کے لۓ
منظم امداد جمع کۓ جانے کی اپیل کی ۔ آیت اللہ امامی کاشانی نے ہفتہ حکومت کی جانب اشارہ کیا اور عظیم شہداء رجائي اور باہنر کو خراج عقیدت پیش کیا۔