خیبرپختونخوا گورنر راج کے خلاف سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی آئینی درخواست
شیعیت نیوز : سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اور سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف وفاقی آئینی عدالت میں نظرثانی درخواست دائر کر دی ہے۔
اسلام آباد میں آئینی عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ آئین و قانون کی بالادستی کسی بھی مہذب معاشرے کی بنیاد اور ریاست و عوام کے درمیان ایک مقدس آئینی معاہدہ ہے، جبکہ آج ملک میں آئین شکنی، قانون کی پامالی اور عوام کے حق رائے دہی پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈوبتی کشتی کو بچانے کا واحد راستہ بات چیت اور آئین پر عمل درآمد ہے، اور سیاسی جماعتوں کو مل کر بیٹھنا اور فیصلہ کرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : عمران خان کا سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری پر مکمل اعتماد کا اظہار
انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد کسی اقتدار کے لیے نہیں بلکہ آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، بنیادی شہری حقوق، آزاد عدلیہ اور عوام کے حق حکمرانی کے تحفظ کے لیے ہے۔ ہم ہر مشکل کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں، لیکن اپنے اصولی مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، اور حکمران صرف وہی ہوں گے جنہیں عوام اپنے ووٹ سے منتخب کریں گے۔
دونوں اپوزیشن رہنماؤں نے ایک الگ درخواست بھی دائر کی ہے، جس میں معطل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، صوبائی اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی اور دیگر زیر حراست اراکین کو عدالت میں پیش کرنے، ان کی حراست کی قانونی حیثیت جانچنے اور فوری رہائی کا حکم دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آرٹیکل 232، 234 اور 245 کے تحت ہنگامی اختیارات بھی بنیادی حقوق کو معطل نہیں کر سکتے۔







